اسلام آباد (پی این آئی ) اسٹوڈنٹ لون اسکیم کے تحت طلبہ کے لیے بلا سود قرضوں کی منظوری دے دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اسٹوڈنٹ لون اسکیم کی ایپکس کمیٹی نے منظوری دے دی ، جس میں اسٹیٹ بینک ، فنانس ڈویژن اور 5 بڑے بینکوں کی نمائندگی شامل ہے ، جس کی طرف سے مجموعی طور پر 82 اعشاریہ 6 ملین روپے کی منظوری دی گئی ہے ، رقم ملک بھر کی سرکاری جامعات میں مستحق طلبہ میں تقسیم کی جائے گی ، قرضے 10 سال سے زیادہ مدت کے لیے دیئے جارہے ہیں۔علاوہ ازیں وفاقی حکومت نے کسانوں کو کاروبار کیلئے مالی مدد فراہم کرنے اعلان کردیا ، وزیر خزانہ شوکت ترین کہتے ہیں کہ کسانوں کو سود کے بغیر قرض اور کاروبار کے لیے مالی مدد دیں گے ، نچلے طبقے کے 40 لاکھ خاندان کو کامیاب پاکستان پروگرام میں شامل کریں گے جب کہ کسانوں کو سود کے بغیر قرض اور کاروبار کے لیے مالی مدد دیں گے، اس کے علاوہ صوبوں کے عوام کو یونیورسل ہیلتھ انشورنس میں بھی شامل کیا جائے گا۔اس سلسلے میں وزیر خزانہ شوکت ترین کی سربراہی میں کامیاب پاکستان پروگرام سے متعلق اجلاس ہوا ، جس میں وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی عثمان ڈار، نیشنل بینک کے سربراہ اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی ، اجلاس میں کامیاب پاکستان پروگرام رواں ماہ لانچ کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ، حکومت نے اربوں روپے کا بجٹ مختص کر دیا ہے اور 5 لاکھ روپے تک بغیر سود قرضہ دیا جائے گا ، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہاؤسنگ منصوبے، اسکل ڈویلپمنٹ اور آسان قرضوں کو کامیاب پاکستان کے بینر تلے لایا جائے گا جب کہ ہیلتھ کارڈز اور زرعی خدمات کو بھی کامیاب پاکستان پروگرام کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔مذکورہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے نوجوانان عثمان ڈار نے کہا کہ وزیر اعظم نے ملک گیر سطح پر عوامی فلاح کے اقدامات کی ہدایت کی ہے اور وزیر خزانہ سے مشاورت مکمل کر لی ہے اور پروگرام چند دنوں میں لانچ کر دیا جائے گا ، کامیاب پاکستان حکومت کا فلاحی ایجنڈے پر مشتمل سب سے بڑا پروگرام ہو گا اور حکومت ہر خاندان میں سے ایک فرد کو ٹیکنیکل ایجوکیشن دے گی ، منصوبے کے ذریعے ملک بھر کی عوام کو کم خرچ ہاوسنگ اسکیم میں شامل کیا جائے گا اور مائیکروفنانسنگ کے ذریعے نچلے طبقے کی مدد کا طریقہ کار بھی طے ہو گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں