اس کو گھر جانے دو، رنجیت سنگھ کامجسمہ توڑنے والے ملزم کی ضمانت منظور

لاہور (آئی این پی ) شاہی قلعہ میں نصب مہاراجہ رنجیت سنگھ کے مجسمے کو توڑنے والے ملزم محمد رضوان کی ضمانت منظور کرلی گئی ۔ جمعہ کو ضلع کچہری لاہور میں ملزم محمد رضوان کو پیش کیا گیا۔ ڈیوٹی جوڈیشل مجسٹریٹ حسن سرفراز چیمہ نے ملزم کی جوڈیشل ریمانڈ کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ ملزم پر لگائے گئے الزامات قابل ضمانت ہیں۔ پروسیکیوشن نے بتایا کہ ملزم محمد رضوان نے شاہی قلعہ میں نصب مہاراجہ رنجیت سنگھ کے مجسمے کو توڑا اور ملزم سے تفتیش مکمل کرلی گئی ہے،ملزم کا چالان جلد عدالت میں پیش کر دیا جائے گا۔ پراسیکیوشن نے استدعا کی کہ عدالت ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجے۔عدالت نے ملزم محمد رضوان کی 50 ہزار روپے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرلی۔منگل 17 اگست کو صبح کے وقت شاہی قلعے میں رضوان نامی شخص نے ہتھوڑے مار کر رنجیت سنگھ کے مجسمے کو توڑدیا تھا۔پولیس نے فوری کارروائی کرکے ملزم کو گرفتارکرلیا۔ سی سی پی او لاہور نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close