اسلام آباد (اے پی پی):افغانستان سے شہریوں بالخصوص غیر ملکی اداروں اور انٹرنیشنل میڈیا کے لئے کام کرنے والے افراد کو انخلاءمیں سہولت فراہم کرنے کے لئے وزارت اطلاعات و نشریات، پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) اور کابل میں پاکستانی سفارت خانہ کی کاوشوں کو عالمی میڈیا پر بھی پذیرائی مل رہی ہے۔ موجودہ صورتحال میں پاکستانی سفارت خانہ بدستور کام جاری رکھے ہوئے ہے۔ اسلام آباد میں نمائندہ سی این این کی رپورٹ کے مطابق موجودہ صورتحال کے پیش نظر چمن اور طورخم کی سرحدیں جو ابتدائی طور پر بند کر دی گئی تھیں کو دوبارہ کھول دیا گیا ہے ،بین الاقوامی اداروں، تنظیموں اور میڈیا نمائندوں کی افغانستان سے بحفاظت انخلاءاور وطن واپسی کے لئے پاکستانی سفارت خانہ کی جانب سے سہولت مہیاءکی جا رہی ہے اور سفارت خانہ کھلا ہے۔ سی این این کی نمائندہ نے کہا کہ وزارت اطلاعات نے انہیں بتایا ہے کہ کابل میں پاکستانی سفارت خانہ غیر ملکی اداروں اور انٹرنیشنل میڈیا اداروں میں کام کرنے والے افغان اور دیگر شہریوں کو ترجیحی بنیادوں پر ویزے دے رہا ہے اور پی آئی اے کے ذریعے انہیں ملک سے انخلاءمیں مدد فراہم کی جا رہی ہے۔ پی آئی اے نے 1100 سے زائد افراد کو افغانستان سے بحفاظت نکالا ہے تاہم کابل ایئر پورٹ سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق کابل میں ملک چھوڑنے کے خواہش مند افراد کافی تعداد میں موجود ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں