کابل میں پھنسے پاکستانیوں کے لینے جانے والاپی آئی اے کا طیارہ کابل میں ہی پھنس گیا، پریشان کن صورتحال

کابل (پی این آئی)فضائی حدود کھلتے ہوئے افغانستان جانے والا پی آئی اے کا طیارہ مشکل میں پھنس گیا، کابل ائیرپورٹ پر قومی ائیر لائن کے طیارے کو اسلام آباد واپس جانے سے روک دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق افغانستان کی فضائی حدودکھلتے ہی پاکستانی مسافروں کو لانے کے لیے کابل پہنچنے والے قومی ائیرلائنز (پی آئی اے) کے طیارے کو واپسی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کے طیارے کو کابل ائیرپورٹ سے پرواز کی اجازت نہیں مل رہی ہے۔اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہےکہ پرواز کے بارے میں کابل سے تفصیلات کا انتظار ہے۔ خیال رہے کہ پی آئی اے کا بوئنگ 777 طیارہ آج شام ہی مسافروں کو اسلام آباد لانے کے لیے کابل پہنچا ہے۔2 روز قبل کابل ایئرپورٹ کو سکیورٹی کی خراب صورتحال کے باعث کمرشل پروازوں کے لیے بند کردیا گیا تھا، 2 روز بعد آج پی آئی اے کی واحد پروازکابل پہنچی ہے۔ذرائع کا کہنا ہےکہ طیارے کو کابل بھیجنے کا فیصلہ پی آئی اے انتظامیہ نےکیا تھا، پی آئی اے کے کابل ائیرپورٹ حکام سے مذاکرات جاری ہیں۔دوسری جانب برطانیہ اور فلپائن سمیت متعدد ممالک نے افغانستان سے اپنے شہریوں کے انخلا کیلئے پاکستان سے مدد مانگ لی۔ فلپائن نے اپنے شہریوں کے افغانستان سے محفوظ انخلا کے لیے پاکستان سے مدد مانگ لی ہے۔فلپائن کے سفیر نے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے ان کے دفتر میں ملاقات کی جس میں انہوں نے فلپائنی شہریوں کو جلد از جلد افغانستان سے بحفاظت نکالنے کی اپیل کی۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اس موقع پر فلپائن کے سفیر کو یقین دلایا کہ فلپائن کے شہریوں کو پاکستان پہنچنے پر ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں تبدیل ہوتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔انہوں نے واضح طور پر کہا کہ غیر ملکی شہریوں کو افغانستان سے بحفاظت نکلنے میں بھرپور مدد بھی فراہم کر رہے ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے فلپائن کے سفیر سے کہا کہ سفارت کاروں، صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کے لیے ویزہ پالیسی میں نرمی کی ہے۔وزیرداخلہ نے معزز مہمان کو بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر ان کو پاکستان آمد پر ویزے کی سہولت بھی فراہم کر رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close