عاشورہ کے موقع پرانتظامات مکمل، موبائل سروس بند

کوئٹہ (آئی این پی ) ڈی آئی جی کوئٹہ پولیس کے مطابق یوم عاشور کے جلوس کی تمام تیاریاں مکمل ہیں جبکہ 9اور 10محرم الحرام کو کوئٹہ میں سیکیورٹی خدشات کی بنا پر موبائل فون سروس معطل رہے گی۔ کمشنر کوئٹہ اور بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر جواد رفعیی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران ڈی آئی جی کوئٹہ پولیس اظہر اکرم نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی اور دیگر انتظامات سے متعلق تمام علما کرام سے نشست ہو چکی ہے۔ ڈی آئی جی کوئٹہ نے کہا کہ یوم عاشور کے موقع پر برآمد ہونے والے جلوس کے تمام انتظامات مکمل ہیں، میٹروپولیٹن کی جانب سے جلوس کی گزرگاہوں کی صفائی اور لائیٹس کا انتظام مکمل ہوگیا، 9 محرم الحرام کو مچھ میں جلوس برآمد ہوگا جس کی تیاری مکمل ہو چکی ہے۔ ڈی آئی جی پولیس اظہر اکرم کے مطابق کل رات سے کوئٹہ میں جلوس کے گزرگاہوں میں آنے والی دکانوں اور مارکیٹوں کو سیل کیا جائے گا جبکہ یوم عاشور کے جلوس کی 250 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ عاشورہ کے موقع پر کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پاک آرمی کی 3 بٹالین اسٹینڈ بائی پر رہیں گی جبکہ سیکیورٹی انتظامات پر پولیس کے 6ہزار500 اہلکاروں کے ہمراہ فرنٹئیر کور کے جوان بھی شامل ہوں گے۔ ڈی آئی جی نے کہا کہ 9 اور 10 محرم الحرام کو کوئٹہ میں موبائل فون سروس بند رہے گی۔ صدر بلوچستان شیعہ کانفرنس جواد رفعیی کا کہنا تھا کہ یوم عاشور کا مرکزی جلوس صبح 8بجے برآمد ہوگا جو 30 ماتمی دستوں پر مشتمل ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close