پاکستان جامع تصفیے میں مدد کیلئے افغانستان کیساتھ ہر ممکن تعاون کو تیار ہے، آرمی چیف

راولپنڈی(آئی این پی) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ پاکستان افغانستان کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے ،پاکستان جامع تصفیے کے حصول میں مدد کیلئے افغانستان کیساتھ ہر ممکن تعاون کو تیار ہے جو کہ خطے کے امن اور خوشحالی کیلئے انتہائی اہم ہے،افغانستان کیساتھ وسیع البنیاد تعلقات کے خواہاں ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق منگل کو یہاں جی ایچ کیو میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے افغان سیاسی رہنمائوں صلاح الدین ربانی ، محمد یونس قانونی ،استاد محمد کریم خلیلی ،احمد ضیاء مسعود، استاد محمد محقق ،احمد ولی مسعود،عبدالطیف پدرم اور خالد نور پر مشتمل وفد نے ملاقات کی ۔اس دوران افغانستان کی سلامتی کی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان افغانستان کیساتھ وسیع البنیاد تعلقات کا خواہاں ہے اور جامع تصفیے کے حصول میں مدد کیلئے افغانستان کیساتھ ہر ممکن تعاون کو تیار ہے جو کہ خطے کے امن اور خوشحالی کیلئے انتہائی اہم ہے ۔آرمی چیف نے مزید اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان افغانستان کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران افغان وفد نے افغانستان کی سماجی واقتصادی ترقی ،امن واستحکام کے قیام میں کردار ،اس کی قربانیوں اور انتھک کوششوں کو سراہا ۔آئی ایس پی آر کے مطابق وفد کے ارکان نے افغانستان کے آگے بڑھنے کے حوالے سے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close