اسلام آباد (آن لائن)سپریم کورٹ نے چینی کی قیمت مقرر کرنے سے متعلق دائر حکومتی اپیل پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ پیر کو عدالت عظمی سے جاری تفصیلی فیصلے میں قرار دیا گیا ہے کہ شوگر ملز کو مقرر کردہ ایکس مل ریٹ پر چینی فروخت کرنے کی مشروط اجازت دی جاتی ہے۔ سپریم کورٹ نے فیصلے میں قرار دیا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ میں چینی کی قیمت سے متعلق کیس زیرالتواء ہے اور عدالت عالیہ نے حکومت کی مقررہ قیمت کیخلاف یکطرفہ حکم امتناع جاری کیا،عدالت کی ذمہ داری ہے کہ قانونی نقطے پر فیصلہ کرے،قیمتوں اور نفع نقصان کا تعین کرنا عدلیہ کی ذمہ داری نہیں ہے،ہائیکورٹس کی قیمتوں کے معاملے میں مداخلت غیر متعلقہ حدود میں داخلے کے مترادف ہے، قانونی تنازعات کو آئین اور قانون کے تناظر میں حل کرنا عدالتوں کی ذمہ داری ہے،لاہور ہائیکورٹ کو معاملہ واپس بھیجتے ہوئے حکومتی درخواست نمٹائی جاتی ہے،لاہور ہائیکورٹ زیر التوا درخواستوں پر 15 روز میں فیصلہ کرے۔ سپریم کورٹ نے فیصلے میں قرار دیا ہے کہ شوگر ملز سرکاری نرخ اور مارکیٹ پرائس کے درمیان موجود فرق سے حاصل ہونے والی رقم رضا کارانہ طور پر ڈپٹی رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ کے پاس جمع کرائیں،شوگر ملز کی طرف سے صرف مچلکے جمع کرانا کافی نہیں ،متعلقہ کین کمشنر چینی کے سٹاک اور فروخت کا ریکارڈ مرتب رکھیں۔ 4 صفحات پر مشتمل فیصلہ جسٹس عمر عطا بندیال نے تحریر کیا ہے۔۔۔توصیف
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں