اسلام آباد(آئی این پی) افغانستان کے دارالحکومت کابل کی بدلتی صورتحال کے پیش نظر پاکستان انٹر نیشنل ائیر لائن (پی آئی اے)نے افغانستان میں پھنسے پاکستانیوں اور غیر ملکیوں کو نکالنے کیلئے فلائٹ آپریشن میں اضافہ کردیا ہے،نجی ٹی وی کے مطابق پیر 16اگست کے روز(آج) 3پروازیں کابل جائیں گی، یہ پروازیں پی آئی اے کے بیڑے کے سب سے بڑے جہاز بوئنگ 777سے آپریٹ ہوں گی ، 3پروازوں کے ذریعے مجموعی طور پر 900کے قریب پاکستانیوں اور دیگر غیر ملکیوں کا کابل سے انخلا کیا جائیگا،اس کے علاوہ پی آئی اے نے پاکستانی وزارت خارجہ کے توسط سے مزید خصوصی پروازوں کی اجازت بھی مانگ لی ہے،ترجمان پی آئی اے کے مطابق انتظامیہ کئی ملکوں کے سفارت خانوں، بین الاقوامی کمپنیوں اور خبر رساں اداروں کی مدد کیلئے ان سے رابطے میں ہے ،ان کا مزید کہنا تھا کہ کابل میں پی آئی اے کا عملہ فعال ہے اور بہادری و قومی جذبے سے سرشار ہوکر اپنا کام سرانجام دینے کے علاوہ پاکستانی سفارت خانے کے ساتھ مکمل ہم آہنگی سے کام کررہا ہے ، پی آئی ترجمان نے تمام پاکستانی شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ پروازوں پر آنے کیلئے فوری طور پر پاکستانی سفارت خانے یا پی آئی اے کے کابل میں موجود عملے سے رابطہ کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں