اسلام آباد (پی این آئی ) حکومت نے ملک بھر میں یکساں نظام تعلیم نافذ کرنے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد مین پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ یکساں نصاب ہمارے منشور کا حصہ ہے ، اسی لیے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار یکساں نصاب لایا گیا ہے ، پہلی سے پانچویں جماعت تک یکساں نصاب کل سے نافذ العمل ہوگا ، کل وزیراعظم عمران خان یکساں نصاب تعلیم کا اعلان کریں گے ، پرائیویٹ اسکول، مدرسہ اورسرکاری اسکولوں میں اس کا نفاذ ہوگا ، ناظرہ قرآن اورسیرت النبیﷺ نصاب کالازمی حصہ ہے ، اقلیتوں کیلئےالگ الگ نصاب تیارکیاہے، سندھ میں فی الوقت اس نصاب کانفاذنہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہمارےتعلیمی نظام نے معاشرے کو تقسیم کیا ہے ، کیوں کہ موجودہ تعلیمی نظام نا انصافی پر مبنی ہے ، یہی وجہ ہے کہ ہمارےتعلیمی نظام نے معاشرے کو تقسیم کر رکھا ہے جب کہ دنیاکے ترقی یافتہ ممالک میں قومی نصاب ہے۔یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ صوبہ پنجاب میں پہلے ہی نئے تعلیمی سال سے یکساں تعلیمی نظام نافذ کردیا گیا ہے ، صوبے میں اگلے تعلیمی سال میں یکساں تعلیمی نظام نافذ کرنے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کیا گیا ہے ، جس کے مطابق پنجاب بھر میں یکساں تعلیمی نظام 2اگست سے نافذ ہو چکا ہے ، اس ضمن میں نرسری تا پانچویں کا نصاب تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں اوردینی مدارس میں نافذ العمل کیا گیا ہے۔علاوہ ازیں اسکولوں میں ناظرہ قرآن کی تعلیم لازمی قرار دے دی گئی ، نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا جس کا اطلاق نئے تعلیمی سیشن2021 سے ہوگا ، سرکاری اور نجی سکولز دونوں فیصلے پر عمل درآمد کے پابند ہوں گے ، اس حوالے سے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ اساتذہ ہفتہ میں3 روز پرائمری سکول کے بچوں کو ناظرہ قرآن پڑھائیں گے جہاں پہلی سے پانچویں جماعت تک بچوں کو قرآن مجید کی تلاوت کروائی جائے گی جب کہ چھٹی سے آٹھویں جماعت کے بچوں کو ترجمہ کے ساتھ آیات پڑھائی جائیں گی، اس کے علاوہ نہم سے بارہویں جماعت کے بچوں کی ہفتے میں4 کلاسز ہوں گی ، نہم سے بارہویں جماعت کے بچوں کوبھی ناظرہ قرآن ترجمہ کے ساتھ پڑھایا جائےگا جب کہ ناظرہ قرآن کے ضروری مضامین کے علاوہ 50 نمبر ہوں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں