وفاقی دارالحکومت میں فیصل مسجد میں شہریوں کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی

اسلام آباد (پی این آئی)اسلام آباد کی فیصل مسجد میں شہریوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کیسز میں اضافے پر فیصل مسجد اور دامن کوہ عوام کیلئے بند کردیے گئے۔اسلام آباد کی فیصل مسجد اور دامن کوہ کو بند کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ فیصل مسجد اور دامن کوہ کی جانب جانے والی سڑکیں بھی بند کردی جائیں گی۔اس سے قبل ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے دفتر کی جانب سے بھی جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ رش کی وجہ سے کورونا پھیلنے کا خطرہ ہے اور وہ تکلیف کیلئے معذرت خواہ ہیں۔واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق صوبہ سندھ میں کورونا کے کیسز کی تعداد 4 لاکھ 10 ہزار 766 ، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 52 ہزار 197، پنجاب میں تین لاکھ 71 ہزار 605، اسلام آباد میں 93 ہزار 783، بلوچستان میں 31 ہزار 556، آزاد کشمیر میں 29 ہزار 187 اور گلگت بلتستان میں 9 ہزار 316 ہو گئی ہے۔این سی او سی کا کہنا ہے کہ کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 11 ہزار 347 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 6 ہزار 413، خیبرپختونخوا میں 4 ہزار 654، اسلام آباد 831، گلگت بلتستان 163، بلوچستان میں 334 اور آزاد کشمیر میں 664 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔دوسری جانب ملک بھر میں ویکسی نیشن کا عمل بھی جاری ہے اور کورونا کی شدت کے پیش نظر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک میں ویکسی نیشن کی رفتار تیز کرنے کیلئے اہم فیصلہ کرتے ہوئے کورونا ویکسین کی تمام اقسام کی پہلی اور دوسری ڈوز کا درمیانی وقفہ 28 دن کر دیا ، این سی او سی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ملک میں لگنے والی کورونا ویکسین کی تمام اقسام کی پہلی اور دوسری ڈوز کا درمیانی وقفہ 42 دن سے کم کرکے 28 دن کر دیا گیا ہے ، فیصلہ وزارت صحت اور طبی ما ہر ین کی مشاورت کے بعد کیا گیا ، اس کے علاوہ 10ستمبر کے بعد فضائی سفر کیلئے مکمل ویکسی نیشن لازمی قرار دی گئی ہے جب کہ 10ستمبر کے بعد ویکسی نیشن کا جزوی سرٹیفکیٹ بھی کار آمد نہیں ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close