امریکا کب تک افغانستان میں اپنی فضائی کارروائیاں بند کرنے جارہا ہے؟ وزیراعظم عمران خان نے بتا دیا

اسلام آباد(پی این آئی) وزیراعظم عمران خان نے کسی بھی غیرملکی فوج کو پاکستان میں اڈے نہ دینے کے عزم کا اعادہ کر دیا۔ایکسپریس ٹربیون کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز ایک بار پھر دنیا پر واضح کر دیا ہے کہ ان کی حکومت کسی بھی بیرونی فوج کو پاکستان میں اڈے مہیا نہیں کرے گی اور اپنے ملک کو دوبارہ افغان سول جنگ میں نہیں دھکیلے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ”جہاں تک میں جانتا ہوں، امریکہ افغانستان میں ہر طرح کی فضائی کارروائیاں 31اگست کے بعد روکنے جا رہا ہے۔“غیرملکی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ”ہم نے واضح کر رکھا ہے کہ ہماری سرزمین افغانستان میں کسی بھی طرح کی فوجی کارروائی کے لیے استعمال نہیں ہو گی۔افغانستان حکومت کو چاہیے کہ اب پاکستان کو قربانی کا بکرا بنانے اور اپنی ناکامیوں کا ملبہ ہم پر ڈالنے کی روش ترک کر دے۔ افغانستان کے اندرونی مسائل کا ذمہ دار پاکستان نہیں ہے۔ “ انہوں نے اپنی گفتگو میں یہ بھی کہا کہ ”مجھے امریکی صدر جوبائیڈن کی فون کال کا انتظار نہیں ہے۔ میں سنتا رہتا ہوں کہ صدر جوبائیڈن نے مجھے کال نہیں کی۔ یہ ان کی مرضی پر منحصر ہے اور ایسا نہیں ہے کہ میں ان کی کال کے انتظار میں بیٹھا ہوں۔“

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close