لاہور(آئی این پی)احتساب عدالت نے نیب کو خواجہ آصف کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ انوسٹی گیشن آفیسر غیر ضروری تاخیر کیے بغیر جلد از جلد ریفرنس دائر کریں،تفصیل کے مطابق احتساب عدالت نے خواجہ آصف کی نیب ریفرنس آنے تک حاضری سے استثنی کی درخواست کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا ہے،احتساب عدالت کے تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ نیب کے سپیشل پراسیکیوٹر ریفرنس دائر کرنے سے متعلق انوسٹی گیشن آفیسر کو آگاہ کریں،تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ خواجہ آصف کے خلاف نیب نے ابھی تک ریفرنس دائر نہیں کیا، نیب ریفرنس کے بغیر کیس پر کارروائی کا کوئی فائدہ نہیں ہے، خواجہ آصف کو نیب ریفرنس آنے پر ٹرائل میں طلب کیا جائے گا،عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ خواجہ آصف کے کیس کی فائل ریکارڈ روم میں بھجوا دی جائے، خیال رہے کہ نیب نے خواجہ آصف کو آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں اسلام آباد سے گرفتار کیا تھا جو ان دنوں لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے ضمانت پر ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں