اسلام آباد(آئی این پی ) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تاریخی دوستانہ تعلقات ہیں ، ترکی کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہیں، پاکستان افغان امن عمل آگے بڑھانے اور سیاسی حل کے لیے کوشش جاری رکھے گا۔ بد ھ کو وزیر اعظم عمران خان سے ترکی کے وزیر دفاع خلوصی آقار نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے ترک وفد کا خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تاریخی دوستانہ تعلقات ہیں جبکہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور باہمی اعتماد ہے۔ وزیراعظم نے ترکی کے جنگلات میں آتشزدگی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ آفت سے نمٹنے میں ترکی کے ساتھ ہرممکن تعاون کے لیے تیار ہیں اور مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی مستقل حمایت پر ترکی کے شکرگزار ہیں۔ وزیر اعظم نے دوطرفہ دفاعی تعاون پر اطمینان کا اظہارکیا جبکہ ملاقات میں علاقائی ایشوز پر بھی بات چیت کی گئی۔ وزیر اعظم نے افغان امن عمل پر بھی ترک وزیر دفاع کو پاکستان کے موقف سے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ باہمی مذاکرات سے ہی سیاسی حل آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے اور امید ہے افغان رہنما آگے بڑھنے کے لیے ہم آہنگی کی اہمیت کو تسلیم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغان امن عمل آگے بڑھانے اور سیاسی حل کے لیے کوشش جاری رکھے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں