تحریک انصاف سندھ میں بڑی سیاسی وکٹیں لے اڑی، سابق اسپیکر سمیت خواتین رہنما پی ٹی آئی میں شامل ہو گئیں

کراچی (پی این آئی)تحریک انصاف سندھ سے اہم وکٹیں اُڑانے میں کامیاب، سندھ اسمبلی کی سابق اسپیکر سمیت مسلم لیگ ق اور فنکشنل لیگ کی تین خواتین رہنماؤں کا پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کی سابق ڈپٹی اسپیکر سمیت مسلم لیگ ق اور فنکشنل لیگ کی تین خواتین رہنماؤں نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سندھ ارباب غلام رحیم اب سے کچھ دیر قبل سندھ اسمبلی کی سابق ڈپٹی اسپیکر راحیلہ ٹوانہ کے گھر پہنچے، جہاں اُن سے موجود سیاسی صورت حال پر گفتگو کی۔اس موقع پر مسلم لیگ ق کی سابق رہنما نے اپنے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا اور آئندہ پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم سے عوامی خدمات جاری رکھنے کا اعلان کیا۔سابق ڈپٹی اسپیکر راحیلہ ٹوانہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’کراچی کے حالات بدتر ہوگئے، میرے گھر پی ٹی آئی کے بہت لوگ آئے، میں کسی جماعت میں جانا نہیں چاہتی تھی مگر عمران خان کے نظریے نے بہت زیادہ متاثر کیا، جس کو سمجھنے کی ضرورت ہے، انہوں نے دبنگ انداز سے پاکستان کی لڑائی لڑی‘۔انہوں نے کہا کہ ’ارباب غلام رحیم جب وزیراعلیٰ سندھ تھے تو تمام نہروں کو صاف کردیا گیا تھا اور پانی کی منصفانہ تقسیم ہوتی تھی، ہم نے پاک وطن پارٹی کی بنیاد رکھی تھی، آج میں اُس پارٹی کو پاکستان تحریک انصاف میں ضم کررہی ہوں‘۔دوسری جانب مسلم لیگ ق کی رہنما اور سابق رکن اسمبلی سندھ بانو صدیقی نے بھی تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ ’ق لیگ کی جب حکومت ختم ہوئی میں نے کسی بھی سیاسی پارٹی میں شمولیت کا اعلان نہیں کیا، ارباب رحیم نے شمیولیت کا اعلان کیا تو میں بھی آج پی ٹی آئی میں شمولت کا اعلان کرتی ہوں، عمران خان کی کشمیر پالیسی بہت اچھی ہے‘۔علاوہ ازیں مسلم لیگ فنکشنل کی سابقہ رکن اسمبلی نائلہ انعام نے بھی تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔

close