پیپلزپارٹی کی کوئی نئی چال؟ ن لیگ کو وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدوں کی پیشکش کر دی گئی

کراچی / لاہور(پی این آئی) پیپلزپارٹی نے ن لیگ کو وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب کے عہدوں کی پیشکش کردی۔پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے درمیان بیک ڈور رابطے شروع ہوگئے ہیں، اور ان رابطوں میں اہم ہیش رفت بھی ہوئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کے چئیرمن بلاول بھٹو زرداری ایک بار پھر مرکز اور پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی کے خواہاں ہیں، اور بیک ڈور رابطوں میں پیپلز پارٹی نے بلاول بھٹو زرداری کی خواہش کا اظہار بھی کردیا ہے۔پیپلزپارٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ رہنماؤں نے مسلم لیگ (ن) کو وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب کے عہدوں کی پیشکش کردی ہے، اور کہا ہے کہ اگر ن لیگ ساتھ دے تو مرکز اور پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی ممکن یے، کیوں کہ ہمارے پاس مرکز اور پنجاب میں نمبرز پورے ہیں، اگر آپ ساتھ دیں تو ان ہاؤس تبدیلی کی صورت میں پیپلزپارٹی مرکز میں وزیراعظم اور پنجاب میں وزیراعلی ن لیگ کا قبول کرے گی۔پیپلزپارٹی نے مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ مرکز اور پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی کے لئے تحریک انصاف کے ناراض اراکین اور حکومتی اتحادی پوری طرح تیار ہیں، حکومت اور اتحادیوں کے 25 سے زائد ارکان قومی اسمبلی اور پنجاب میں 31 ارکان اسمبلی ساتھ دیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ لیگی رابطہ کاروں نے پیپلز پارٹی کی پیشکش پر وقت مانگ لیا ہے، اور کہا ہے کہ قیادت سے مشاورت کے بعد آپ کی پیشکش کا جواب دیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close