وہ صوبہ جہاں کورونا کی چوتھی لہر شدت اختیار کر گئی، کیسز میں شرح میں خوفناک حد تک اضافہ ہو گیا

اسلام آباد (پی این آئی) سندھ میں کورونا کیسز کی شرح میں کمی اور پنجاب میں اضافہ ہونے لگا، کراچی میں کیسز کی شرح 21 فیصد سے کم ہوکر 16 فیصد، حیدرآباد میں 17.38 فیصد ہوگئی، اسلام آباد میں بڑھ کر11 فیصد، لاہور میں ساڑھے 8 فیصد ، ملتان میں 7 فیصد اور پشاور میں11 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ ترجمان محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 21 فیصد سے کم ہوکر 16 فیصد پر آگئی ہے، سندھ کے مختلف اضلاع میں کورونا کی شرح 4.23 فیصد اور حیدرآباد میں مثبت کیسز کی شرح 17.38 فیصد ریکارڈ کی گئی۔کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں7 ہزار397 افراد کے ٹیسٹ میں سے 1161 مثبت آئے، جن کی شرح 15.70 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح سندھ بھر میں مثبت کیسز کی شرح 9.39 فیصد رہی جبکہ پچھلے 24 گھنٹوں میں 20 افراد انتقال کرگئے۔اسی طرح اسلام آباد پشاور اور پنجاب کے شہروں میں کورونا کیسز میں اضافہ ہونے لگا ہے، اسلام آباد میں پچھلے 24 گھنٹوں میں کورونا کیسز کی شرح 11 فیصد، لاہور میں ساڑھے8 فیصد ، ملتان میں7 فیصد اور پشاور میں11 فیصد رہی۔دوسری جانب ملک بھر میں کورونا ویکسین لگوانے والے افراد کی تعداد 4 کروڑ سے تجاوز کرگئی ہے، ان میں سے 1 کروڑ 8 لاکھ 97 ہزار 649 افراد نے ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوالی ہیں جبکہ 3 کروڑ 9 لاکھ سے زائد افراد ویکیسن کی پہلی خوراک لگوا چکے ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق حکومتی اعدادوشمار میں کہا گیا کہ پچھلے 24 گھنٹوں میں کُل 11 لاکھ 24 ہزار 306 افراد کی ویکسی نیشن کی گئی، جن میں سے 2 لاکھ 24 ہزار219 افراد کو ویکسین کی دوسری خوراک لگائی گئی۔اسی طرح 9 لاکھ 87 افراد کو ویکسین کی پہلی خوراک لگائی گئی ہے۔ یاد رہے حکومت نے رواں سال کے آخر تک 7 کروڑ شہریوں کی ویکسی نیشن کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کی تشخیص کے لیے 49 ہزار 506 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 3884 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ ملک میں اب تک کورونا کے مصدقہ مثبت کیسز کی تعداد 10 لاکھ 75 ہزار 504 ہوگئی ہے جن میں سے 9 لاکھ 57 ہزار 73 مریض شفایاب ہو چکے ہیں۔ گزشتہ روز اس وبا نے مزید 86 افراد کی زندگیوں کو نگل لیا۔ اس طرح ملک میں اب تک اس وبا سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 24 ہزار سے زائد ہوگئی ہے جب کہ مثبت کیسز کی شرح 7.84 فیصد ریکارڈ ہوئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close