سیکرٹری پنجاب اسمبلی کی قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی، وزیراعظم تک خبر پہنچ گئی، شدید برہمی کا اظہار

لاہور(آئی این پی ) سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی کی جانب سے خلاف قواعد وضوابط اپوزیشن ارکان کو واک آؤٹ کر نے سے روکنے کا معاملہ ،وزیراعظم عمران خان شدید برہم ، سخت نوٹس لے لیا اوروزیراعلیٰ پنجاب سے فوری وضاحت طلب کرلی ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پنجاب اسمبلی کے سیکرٹری محمد خان بھٹی کی جانب سے صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن کے ارکان کو واک آؤٹ کے دوران قواعد وضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے روکنے کے معاملے پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو ایسے واقعات کاتدارک کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ باخبر ذرائع کے مطابق جب پنجاب اسمبلی کے اجلاس سے مسلم لیگ (ن) کے اپوزیشن ارکان واک آؤٹ کر کے جانے لگے تو اس دوران سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی اپنی نشست سے اٹھ کر نیچے اسمبلی ہال کے اندر اپوزیشن کی نشستوں پر گئے اور حزب اختلاف کے ارکان کو واک آؤٹ کرنے سے روکنے کی کوشش کرتے رہے ۔ذرائع کے مطابق جب اس واقعے کی ویڈیو وزیراعظم عمران خان کو ان کے ذاتی واٹس ایپ پر بھیجی گئی تو اس پر انہوں نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو موبائل فون پر یہ ویڈیو بھجوا کر کہا کہ یہ پنجاب اسمبلی میں کیا ہورہا ہے ؟رولز کی کیوں خلاف ورزی کی جارہی ہے ،سیکرٹری کا کیا کام ہے کہ وہ ارکان اسمبلی کو احتجاج یا واک آؤٹ سے روکے جس پر وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیراعظم عمران خان کو جواب دیا کہ آپ بے فکر ہوجائیں ،میں اس معاملے کی تفصیلات طلب کر تا ہوں اور آئندہ ایسا نہیں ہوگا ۔واضح رہے کہ اسمبلی قواعد وضوابط کے سیکرٹری اسمبلی اور ان کا دیگر عملہ اسمبلی اجلاس کے دوران اپنی نشستوں پر سے اٹھ کر ایوان کے اندر نہیں جا سکتے اور نہ ہی اپوزیشن یا حکومتی ارکان کے پاس جا کر ان کو کسی بھی معاملے پر روک سکتے ہیں ۔ قواعد وضوابط کے مطابق اگر کسی نے پیغام پہنچانا ہے تو وہ پرچی لکھ کر بھجواتا ہے اور طریقے کے تحت اپنا پیغام پہنچاتا ہے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close