دبئی جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کیلئے اچھی خبر آگئی، بڑی شرط ختم کر دی گئی

دبئی (پی این آئی) دبئی حکام نے پاکستانیوں کے داخلے کیلئے نئی ہدایات جاری کردی ہیں، دبئی میں داخلے کیلئے پاکستانیوں کو ویکسینیشن کارڈ کی ضرورت نہیں ہوگی، نئی ہدایات یواے ای کا رہائشی ویزہ رکھنے والے افراد پر لاگو ہوں گی۔ تفصیلات کے مطابق دبئی ائیرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ دبئی میں داخلے کیلئے اب پاکستانیوں کو ویکسینیشن کارڈ کی ضرورت نہیں ہوگی، متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کا رہائشی ویزہ رکھنے والے افراد داخلے کے اہل ہوں گے، نئی ہدایات پاکستان، سری لنکا، نیپال اور بھارت سے آنے والے مسافروں پر لاگو ہوں گی۔مسافروں کو دبئی میں داخلے کیلئے پہلے دبئی حکام سے اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا، نئے حکم نامے میں مسافروں کا کورونا ٹیسٹ بھی کیا جائے گا اور 48 گھنٹے پہلے پی سی آر ٹیسٹ اور چار گھنٹے پہلے ریپڈ ٹیسٹ کی شرط برقرار رکھی گئی ہے۔دوسری جانب سعودی عرب کی وزارت حج وعمرہ نے بھی اندرون ملک سے 12 سے 18 سال کی عمر کے افراد کو عمرہ کی ادائی اور روضہ روسول پر حاضری کی مشروط اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔بارہ سے اٹھارہ سال کی عمر کے افراد صرف اسی صورت میں عمرہ کرسکتے ہیں بہ شرطیکہ انہوں نے کرونا کی پہلی دو خوراکیں لگوا لی ہوں۔ دو خوراکیں لگوانے والے اس عمر کے 13 ہزار افراد کو عمرہ کی ادائی کا اجازت نامہ جاری کیا جائے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی عرب کے نائب وزیر حج ڈاکٹر عبدالفتاح بن سلیمان مشاط نے بتایا کہ عمرہ کے اجازت نامے اعتمرنا اور توکلنا ایپس کے ذریعے رجسٹریشن کے بعد جاری کیے جاتے ہیں۔اس کے ساتھ عمرہ زائرین کے لیے وبا کے دنوں میں اختیار کیے گئے صحت کے پروٹوکول پر سختی کے ساتھ عمل درآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔سعودی وزارت حج کو عمرہ سیزن برائے سال 1443ھ کے دوران سعودی عرب کے دوسرے اداروں کا بھی تعاون حاصل ہے تاکہ عمرہ زائرین کی صحت وسلامتی اور ان کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close