اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان نے اپنی حیثیت سے بڑھ گلوبل وارمنگ میں کمی کیلئے کام کیا ہے،میاواکی جنگل سے لاہور شہر کی آب و ہوا میں تبدیلی آئے گی، پیر کو لاہور میں ملکی اربن فاریسٹ میا واکی کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میاواکی فارسٹ لگانے پر وزیراعلیٰ پنجاب اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں ، میاواکی جنگل سے لاہور شہر کی آب و ہوا میں تبدیلی آئے گی، ماحولیات تبدیلیوں کے حوالے سے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور باغوں کا شہر ہوا کرتا تھا لیکن ماضی میں توجہ نہ دینے کی وجہ سے دنیا کے سب سے زیادہ آلودہ شہر میں شمار ہونے لگا، پاکستان کی تاریخ میں 2013 تک ملک بھر میں صرف 64کروڑ درخت لگائے گئے تھے جبکہ 2013کے بعد 2018تک صرف خیبرپختونخوا میں ایک ارب درخت اگائے گئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے اپنی حیثیت سے بڑھ گلوبل وارمنگ میں کمی کیلئے کام کیا ہے،ہم چاہتے ہیں کہ آنے والی نسلوں کو ایک اچھا ماحول فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کا میاواکی جنگل دنیا کا سب سے بڑا میاواکی جنگل ہو گا اور اس جنگل کو اس کے بانی جنکی گزشتہ ماہ وفات ہوئی ہے ان کے نام سے منسوب کیا ہے ۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حال ہی میں ماحولیات پر رپورٹ آئی ہے کہ انسانوں نے دنیا کے نظام اور ماحولیات میں اس قدر بگاڑ پیدا کر دیا ہے کہ اب وہ ماحولیاتی نظام دوبارہ واپس نہیں لایا جا سکتا ہے لیکن ہم سب انسان مل کر کوشش کریں تو حالات کو بہتر بنانے میں کردار ادا کر سکتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ میری نوجوانوں، تعلیمی اداروں کے طلباء اور پوری قوم سے اپیل ہے کہ ہر فرد کم از کم ایک درخت ضرور لگائے اور اس کی مکمل پرورش بھی کرے۔(اح+م ا)
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں