آئندہ جمعہ ملک بھر میں یوم وحدت کے طور پر منایا جائے گا، طاہر محمود اشرفی کا اعلان

اسلام آباد (آئی این پی)وزیراعظم کے معاون خصوصی مولانا طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ تمام مکاتب فکر کے علماء دوسروں کے مقدسات کی توہین نہ کریں،ملک میں انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی،آئندہ جمعہ ملک بھر میں یوم وحدت کے طور پر منایا جائے گا،خطابات جمعہ اور اجتماعات میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔ پیر کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی مولانا طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ نے رحیم یارخان میں مندر حملے کی مذمت اور حملہ کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی، ملک میں انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، انتشار پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، تمام مکاتب فکر کے علماء دوسروں کے مقدسات کی توہین نہ کریں،آئین میں دیئے گئے اقلیتوں کے حقوق غصب نہیں کرنے دیں گے،تمام مکاتب فکر کے علماء اپنے درمیان افہام و تفہیم برقرار رکھنے کی کوشش کریں،مسلکی تنازعات کو باہمی مشاورت اور مکالمے کی روشنی میں طے کریں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق نے صوبائی حکومتوں کو ضلعی سطح پر اجلاس کرنے اور علماء سے رابطے میں رہنے کا کہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطابات جمعہ اور اجتماعات میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا جائے گا، آئندہ جمعہ ملک بھر میں یوم وحدت کے طور پر منایا جائے گا۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close