نوازشریف کے ویزا کی درخواست مسترد کروانے کے لیے جمائما کی فیملی کی طرف سے پریشر ڈالا گیا ہے نجم سیٹھی کا بڑا انکشاف

اسلام آباد(پی این آئی)معروف تجزیہ کار اور صحافی نجم سیٹھی نے ایک پروگرام میں دعوی کیا ہے کہ ”میری چڑیا کی خبر ہے کہ جمائما کی فیملی کی طرف سے پریشر ڈالا گیا ہے، جمائما کے بھائی زیک گولڈ سمتھ کنزرویٹیو پارٹی کے بڑے لیڈر ہیں، ان کی طرف سے بڑا پریشر تھا“۔ یاد رہے کہ برطانیہ نے سابق وزیر اعظم نوازشریف کے ویزا کی توسیع کی درخواست مسترد کر دی ہے۔دوسری جانب تحریک انصاف کی رہنما فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ برطانیہ نے نواز شریف کا بوجھ برداشت کرنے سے انکار کر دیا،نواز شریف کا ٹھکانہ جیل ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ برطانیہ نے ظل سبحانی کے ویزہ میں توسیع نہ کر کے ظل سبحانی اور جعلی راجکماری کے ایک اور جھوٹ اور پراپیگنڈا کا پردہ فاش کر دیا، ثابت ہوگیا کہ ظل سبحانی مرض کا ڈھونگ رچا رہا تھا، پاکستان کی عوام اور برطانیہ کو چکمہ دے رہا تھا، ظل سبحانی گھر کا رہا نہ گھاٹ کا، نواز شریف کا ٹھکانہ جیل ہے۔فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ملک اور قوم کیساتھ دغا کرنے والوں کا حشر نشر ایسا ہی ہوتا ہے، ظل سبحانی نے اپنی دھرتی کو چھوڑ کر جس ملک میں اربوں کھربوں کی جائیدادیں بنائیں، اس ملک نے ظل سبحانی کا کرپٹ بوجھ برداشت کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close