اسلام آباد (پی این آئی) امارات جانے کیلئے کوشاں پاکستانیوں کیلئے مایوس کن خبر، 2 اماراتی ائیرلائنز نے پاکستان سے متحدہ عرب امارات کیلئے پروازیں تاحکم ثانی معطل کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق کئی ماہ تک سفری پابندیوں کی وجہ سے متحدہ عرب امارات واپس جانے سے قاصر محنت کش پاکستانیوں کیلئے پھر سے نئی مشکلات پیدا ہو گئی ہیں۔اماراتی حکومت نے 5 اگست سے پاکستان سے مسافر پروازوں کی آمد کی اجازت دے دی تھی، تاہم بعد ازاں 4 گھنٹے پرانی ریپیڈ پی سی آر کرونا ٹیسٹ رپورٹ کی شرط عائد کرنے کی وجہ سے پاکستانی مسافروں کی بڑی تعداد کو امارات جانے والی پروازوں سے آف لوڈ کر دیا گیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں اس وقت اتنے قلیل وقت میں کرونا پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ تیار کرنے کی سہولت موجود نہیں ہے۔اب اسی وجہ سے 2 اماراتی ائیرلائنز نے ایک مرتبہ پھر پاکستان سے امارات کیلئے کمرشل پروازیں تاحکم چانی معطل کر دی ہیں۔ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق ریپیڈ کرونا ٹیسٹ رپورٹ کی سہولت کی عدم دستیابی کی وجہ سے اماراتی اور دیگر ائیرلائنز پاکستانی مسافروں کو امارات لے جانے سے قاصر ہیں، اسی لیے 2 اماراتی ائیرلائن نے پاکستان سے امارات کیلئے اپنی پروازیں فی الحال معطل کرنے کا فیصلہ کیا۔دوسری جانب اس تمام صورتحال میں دبئی میں پاکستانی سفارت خانے نے اماراتی حکام سے پاکستان سے رہائشی ویزوں کے حامل مسافروں کے ریپڈ اینٹی جن ٹیسٹ قبول کرنے کی درخواست کی ہے۔پاکستانی سفارت خانے نے اماراتی وزارت خارجہ کے نام جمعے کو لکھے گئے خط میں درخواست کی ہے کہ وزارت امارات کے متعلقہ حکام سے رابطہ کرے اور اپنے فیصلے پر نظر ثانی کے لیے کہے اور متحدہ عرب امارات کا رہائشی ویزا رکھنے والے مسافروں کے پاکستان سے روانگی کے لیے ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی بجائے ریپڈ اینٹی جن ٹیسٹ قبول کیا جائے۔پاکستانی سفارت خانے نے اپنے خط میں کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے حال ہی میں رہائشی ویزوں کے حامل پاکستانیوں کوملک میں داخل ہونے کی اجازت دینے پر شکر گزار ہیں لیکن واپسی کی شرائط میں سے ایک یہ ہے کہ مسافروں کو آمد سے قبل پاکستانی ایئرپورٹس پر اپنا ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ دکھانا ہوگا۔معزز وزارت کوآگاہ کیا جاتا ہے کہ فی الحال پاکستان کے ایئرپورٹس پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت نہیں ہے جس کی وجہ سے متحدہ عرب امارات جانے والے بہت سے مسافروں کوآف لوڈ کیا گیا ہے۔ البتہ پاکستانی ایئرپورٹس پر ریپڈ اینٹی جن ٹیسٹ کی سہولت موجود ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں