وفاقی دارالحکومت میں کنٹرول فوج کو دینے کا فیصلہ، وجہ بھی سامنے آگئی

اسلام آباد (پی این آئی) محرم الحرام کی آمد، اسلام آباد میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ نے محرم الحرام کی آمد اور امن و امان کی صورتحال بہتر رکھنے کے پیش نظر اہم فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یکم سے 13 محرم الحرام تک چاروں صوبوں سمیت وفاقی دارالحکومت میں فوج تعینات کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ماہ محرم کے ابتدائی 13 ایام کے دوران فوج اور دیگر سیکیورٹی ادارے سول انتظامیہ کی مدد کریں گے۔ دوسری جانب ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد کی زیر صدارت محرم الحرام کی سکیورٹی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کا بغور جائزہ لیا گیا۔ایس ایس پی آپریشنز نے کہا کہ تمام جلوسوں کی سیف سٹی کیمروں کے ذریعے بھی نگرانی کی جائے گی۔کسی بھی شخص کو چھت پر جانے کی اجازت نہ ہوگی،تمام جلوسوں کو 03ٹئیرز سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ ایسے علماء کرام جن کے داخلے پر اسلام آباد میں پابندی لگائی گئی ہے ان پر کڑی نظر رکھی جائے اور انتظامیہ سے سرٹیفکیٹ لیا جائے کہ ایسے افراد شرکت نہیں کریں گے، روایتی مجالس و جلوسوں کے علاوہ کسی بھی مجلس یا جلوس کی اجازت نہیں ہوگی۔ پولیس کے ساتھ رضا کار بھی ڈیوٹی سرانجام دیں گے اور ان کو سپیشل کارڈز جاری کئے جائیں گے۔ایس ایس پی نے کہا کہ کسی بھی علاقہ میں وال چاکنگ نہیں ہونی چاہئے،مجالس اور جلوس کے آغاز اور اختتام میں وقت کی پابندی کو یقینی بنایا جائے،جلوسوں و مجالس کے دوران امن کمیٹی کے ممبران کے ساتھ مکمل رابطہ رکھیں،جلوس کے اردگرد کسی مشکوک گاڑی یا شخص کی موجودگی ہرگز نہیں ہونی چاہیے۔جلوس کے راستے میں آنے والے تمام چھوٹے بڑے راستوں اور گلیوں کو بند کیا جائیگا. جلوس شروع ہونے سے قبل جلوس کے روٹ کی سپیشل چیکنگ کی جائے گی، جلوس کے روٹ کو بم ڈسپوزل سکواڈ کلیئر کریں۔اسی طرح تمام مجالس اور جلوسوں کی ویڈیو ریکارڈنگ کی جائے۔اسلام آباد شہر کو بالخصوص جلوس ہائے کے مقرر روٹس مکمل سیل کر دیے جائیں گے۔مقامی و غیر مقامی افراد کو مکمل تلاشی کے بعد جلوس میں داخلے کی اجازت ہوگی۔جلوس میں گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے داخلے پر مکمل پابندی ہوگی۔امام بارگاہوں کے اردگرد پارکنگ 300میٹر دور بنائی جائے گی ۔مجلس اور جلوس میں شامل ہونے والے اعزاداروں کومیٹل ڈیٹیکٹرسے چیک کیا جائے گا اور واک تھرو گیٹ نصب کیے جائیں۔جلوس کے راستے میں زیر تعمیر عمارتوں پر خصوصی نظر رکھی جائیگی ،تمام جلوسوں اور مجالس کے آرگنائزر اپنے رضا کار جن میں مرد و خواتین تلاشی لینے کے لئے تعینات کریں۔ محرم الحرام کے سلسلہ میں ضلع بھر میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ رہے گی ، اس سے پہلے ضلع بھر میں سرچ آپریشن شروع کئے جائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close