غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، اوور بلنگ اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ

کراچی(آن لائن)مہاجر قو می موومنٹ (پاکستان) کے سیکریٹری جنرل عارف اعظم نے آفاق احمد کی رہائش گاہ پر کورنگی انڈسٹریل ایریا سے آئے صنعت کاروں کے وفد سے ملاقات میں کہاکہ کے الیکٹرک کی جانب سے اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، اوور بلنگ اور تسلسل کیساتھ بجلی کی قیمتوں میں کئے جانے والا اضافہ حکومتی عصبیت کا منہ بولتا ثبوت ہے جسے فی الفور ختم کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وفاقی اورصوبائی حکمران سیاسی انتقام اور مہاجر فوبیا میں اپنا ذہنی توازن کھو چکے ہیں،جو انتقام کی آگ میں ملک کے معاشی حب کو ہی صفحہ ہستی سے مٹانے پرلگی ہوئی ہیں۔عارف اعظم نے کہا کہ ملک کے معاشی حب کو اجاڑنے کا مقصد ملک کا دیوالیہ نکالنا ہے جس کیلئے صنعتی شعبہ جات میں بجلی، گیس اور پانی کی قلت پیدا کرکے صنعتی شعبہ جات کو بند گلی میں دانستہ دھکیلا جارہا ہے جسکی مہاجر قومی موومنٹ ناصرف بھرپور مذمت کرتی ہیں بلکہ کے الیکٹرک کو باور کراتی ہے کہ اگر انہوں نے اپنی ظالمانہ رویش کوتبدیل نا کی تو سخت لا ئحہ عمل دیا جائیگاجبکہ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ صنعتی اداروں کو دیوالیہ ہونے سے بچانے اور ملک کی خوشحالی کیلئے انرجی کی فراہمی کو یقینی بناناہوگا ۔انہوں نے کہاکہ طویل لوڈشیڈنگ کے سبب صنعتی ادارے وقت مقررہ پر آرڈر کی تکمیل میں ناکام ہورہے ہیں جسکے باعث یا تو آرڈ رختم کردئیے جاتے ہیں یا بھاری بھر کم جرمانے صنعتی شعبوں کے شدید نقصان کا باعث بن رہے ہیں،جسکے ازالہ کیلئے مربوط اور دیرپا نظام متعارف کرانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی ایجنڈے پر کا رفرما عناصر نے بیر ونی اشاروں پر صنعتی شعبہ جات کو اپنا ہدف بنایا ہوا ہے حکومت نے نوٹس نہ لیا تو ناصرف صنعتوں کو تالا لگ جائیگابلکہ اس کے نتیجے میںآنے والا بے روزگاری اور مہنگائی کا طوفان سب بہا لے جائیگا۔عارف اعظم نے کہا کہ ملک کی سلامتی اور خودمختاری قائم رکھنے کیلئے حکومت کو عصبیت کی عینک اتار کر تمام اسٹیک ہولڈر کی مشاورت سے ملکی مفاد میں فیصلے کرنا ہونگے کیونکہ آج ملک نازک دور سے گزر رہا ہے ایسے میں اقتدار اور سیاست سے زیادہ عزیز ملکی سلامتی و بقاء ہونی چاہیے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں