لاہور (پی این آئی) پنجاب حکومت نے اورنج لائن ٹرین کا کرایہ کم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، 40 روپے کرایہ کم کرکے 20 روپے اور زیادہ سے زیادہ 70 روپے ہوگا، کرایوں میں کمی سے مسافروں کی تعداد ایک لاکھ 25 ہزار تک پہنچنے کا امکان ہے۔ ذرائع محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق پنجاب حکومت نے اورنج لائن ٹرین کا کرایہ کم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے کرایوں کو کم کرنے کی سمری وزیراعلیٰ کو ارسال کردی ہے۔کرایہ کے لیے 7 اسٹیج متعارف کروائے جائیں گے، جس کے تحت کم از کم کرایہ 20 روپے اور زیادہ سے زیادہ 70 روپے ہوگا۔ اسی طرح ایک تا 4 کلومیٹر اور ایک سے10 کلومیٹر کی ترتیب سے بھی کرایے طے کیے جائیں گے۔ سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب کے مطابق اورنج لائن میٹرو ٹرین پر یومیہ 50 ہزار افراد سفر کر رہے ہیں، جب کرایہ 40 روپے کم ہوکر 20 روپے ہو جائے گا، تو مسافروں کی تعداد ایک لاکھ 25 ہزار تک پہنچنے کا امکان ہے۔بتایا گیا ہے کہ اس کے ساتھ آمدنی میں اضافے سے اورنج لائن پر سالانہ ساڑھے 4 ارب سے زائد سبسڈی کا بوجھ بھی کم ہوجائے گا۔ سیکرٹری ٹرانسپورٹ سیف علی مرتضیٰ کے مطابق اورنج ٹرین کا کرایہ فاصلے کے مطابق ریشنلائز ہوگا، سٹیج ون کا کرایہ 20 روپے جبکہ آخری سٹیج کا کرایہ 70 روپے ہوگا۔ سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ نئے کرایہ نامہ کی سمری وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کو ارسال کر دی۔دوسری جانب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ کردیا گیا، تیل کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ اشیائے خوردونوش کی قیمتیں بھی بڑھ گئی ہیں، جس سے مہنگائی کے ستائے لوگوں کی زندگی مزید اجیرن ہوگئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں