کوئٹہ (پی این آئی) مسلم لیگ ن کا بلوچستان سے صفایا، بیشتر رہنماوں نے پارٹی کو خیرباد کہہ دیا، صوبائی صدر سمیت بیشتر لیگی عہدیدار اپنے عہدوں اور پارٹی رکنیت سے مستعفی ہو کر پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ملک کی دوسری بڑی سیاسی جماعت پاکستان مسلم لیگ ن کا رقبے کے لحاظ سے ملک کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان سے تقریباً صفایا ہو گیا۔ہفتے کے روز مسلم لیگ ن کے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے بیشتر رہنما و عہدیدار پارٹی سے الگ ہوگئے۔ بتایا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن بلوچستان کے بیشتر رہنما پارٹی کو خیرباد کہہ کر پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے۔ اس حوالے سے گزشتہ روز بتایا گیا تھا کہ مسلم لیگ ن کے 2 سینئر ترین رہنماوں نے پارٹی کو خیرباد کہہ کر پیپلز پارٹی میں شمولیت کیلئے معاملات طے کر لیے ہیں، سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری، ان کے صاحبزادے اور سابق وفاقی وزیر جنرل(ر)عبدالقادر بلوچ سمیت دیگر لیگی رہنما باقاعدہ طور پر بلاول بھٹو کی جماعت کا حصہ بن گئے ہیں۔پاکستان پیپلزپارٹی ذرائع کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ سندھ کی حکمراں جماعت 8 اگست کو بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بڑا پاور شو کرنے جارہی ہے جس میں سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری، اراکین اسمبلی، سینیٹرز اور صوبے کے اہم قبائلی و سیاسی رہنما پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کرینگے۔ ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان میں مزید مضبوط ہونے کیلئے متحرک ہوگئی ہے، اس حوالے سے صوبائی قیادت نے صوبے کے اہم سیاسی وقبائلی عمائدین سے پارٹی میں شمولیت کے حوالے سے مشاورت مکمل کرلی ہے۔یہاں یہ واضح رہے کہ نواب ثناء اللہ زہری اور جنرل(ر)عبدالقادر بلوچ نے پارٹی کی اعلیٰ قیادت کیخلاف بغاوت کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ وہ پاکستان مسلم لیگ ن سے راستے جدا کر رہے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں