انقرہ (پی این آئی )پاکستان سے ترکی جانے والے طلبہ کیلئے ہوٹل میں قرنطینہ کی پابندی ختم کردی گئی ہے۔ترک حکومت کے 5 اگست کے نوٹیفکیشن پرعملدرآمد جاری ہے جس کے مطابق ترکی میں مستقل رہائش پذیرپاکستانی اپنے گھروں ہی میں قرنطینہ کرسکتے ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ پاکستان سے ترکی جانے والے طلبہ کیلئے بھی ہوٹل میں قرنطینہ کی پابندی ختم کردی گئی ہے۔پاکستانی سفارتخانے کے مطابق طالب علموں کے قرنطینہ کیلئے استنبول اور انقرہ میں یونیورسٹی کے ہاسٹلز مختص کردیے گئے ہیں، طالبعلموں کو اپنی یونیورسٹی کی رجسٹریشن دکھانی ہو گی جس کے بعد انہیں نجی ہوٹل میں قرنطینہ کی لازمی شرط سے استثنیٰ حاصل ہو جائے گا۔ خیال رہے کہ اس سے قبل ترکی نے پاکستان، افغانستان،بنگلادیش، سری لنکا اوربھارتی باشندوں کیلئے نئی نئی ٹریول پالیسی جاری کی تھی جس کے تحت غیرملکی مسافروں کو ترکی پہنچنے کے بعد 7 سے 10 روز قرنطینہ میں رہنا ہوگا۔حکام نے بتایا کہ ترکی میں ہوٹل قرنطینہ کے اخراجات بھی مسافروں کوخود برداشت کرنے ہوں گے اور حکومت کے منظور شدہ ہوٹل میں قرنطینہ کیلئے 200 یورو بھی ادا کرنے ہوں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں