نوازشریف واپس آئیں گے توان کی ضمانت ہوجائے گی، ماہرقانون دار نےسابق وزیراعظم کو ریلیف ملنے کی خوشخبری سنا دی

لاہور(پی این آئی) سینئر قانون اور پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ نوازشریف واپس آئیں گے توان کی ضمانت ہوجائے گی،عدالت ریلیف دے سکتی ہے کہ یہ پیش ہونے آرہے ہیں ان کو گرفتار نہ کیا جائے،نوازشریف کو بہت زیادہ سینئر سیاستدان ہیں، انہیں عدالت میں پیش ہونا چاہیے۔انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں قائد ن لیگ اور سابق وزیر اعظم نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کو سعودی عرب اور قطر بغیر پاسپورٹ اپنے پاس لے جاسکتے ہیں،نوازشریف کے سعودی عرب اور قطری شاہی خاندانوں سے ذاتی تعلقات ہیں۔نوازشریف کو بہت زیادہ سینئر سیاستدان ہیں، تین بار کوئی وزیراعظم نہیں بنا، ان کو واپس آجانا چاہیے تھا، نوازشریف واپس آئیں گے تو عدالت میں اپلائی کریں گے، جہاز میں بیٹھنے سے قبل ہی ان کی ضمانت ہوجائے گی،عدالت کہہ سکتی ہے کہ یہ پیش ہونے آرہے ہیں ان کو گرفتار نہ کیا جائے۔نوازشریف نے عدالتوں پر حملے کیئے لیکن کسی نے کبھی نہیں پوچھا، لوگ پودے کی آبیاری کرتے ہیں لیکن انہوں نے جنگل کی آبیاری کی ہے، کوئی پارٹی ججز کو سینیٹ میں نہیں لے کرگئی، لیکن یہ چھ ججز کو سینیٹ میں لے کر گئے ہیں۔دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے اپنے بیان میں کہا کہ نوازشریف کا علاج لندن میں نہیں ہوگا تو کسی اور ملک سے کرا لیں گے، لندن میں علاج کرانا نوازشریف کا حق ہے، نوازشریف کو کہا ہے کہ علاج مکمل ہونے تک واپس نہ آئیں، نوازشریف ماضی میں بھی وہیں سے علاج کرتے رہے ہیں، باتیں کرنے کی بجائے ان کی طبی رپورٹ کو پڑھا جائے، سیاست میں بھی کچھ اصول اور ظرف ہوتے ہیں، نوازشریف پرایک روپے کرپشن کا الزام آج تک ثابت نہیں کر سکا۔تین بار کے منتخب وزیراعظم کے پاس پاسپورٹ نہیں ہے۔ میرا نہیں خیال کہ نوازشریف سیاسی پناہ لیں گے، نوازشریف صحتیاب ہوکر واپس آئیں گے اور عدالتوں میں کیسز کا سامنا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی ہوم آفس نے کہا کہ قانون کے تحت نوازشریف 180 دن سے زائد نہیں رہ سکتے،اب معاملہ ٹربیونل میں چلا گیا ہے، ٹربیونل کا فیصلہ آنے پر نوازشریف برطانیہ میں رہ سکتے ہیں، ٹربیونل کے فیصلے کیخلاف بھی اپیل کی جاسکتی ہے۔مزید برآں نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز کا کہنا ہے کہ حکومت کو نواز شریف کی صورت میں دیوار پر اپنی شکست صاف لکھی نظر آ رہی ہے جس کو باقی شاید بعد میں پڑھیں گے اوریہ آج ہی پڑھ رہے ہیں ، کسی کا قد کاٹھ کم کرنے کی کوشش سے بونے قد آور نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ ویزا ایشو پر اوپر سے لے کر نیچے تک حکومتی عہدیداروں کی چھلانگیں اس بات کی علامت ہیں کہ نواز شریف کس بری طرح ان کے اعصاب پر سوار ہے۔ نواز شریف سے ذہنی شکست کھا چکی اس جعلی حکومت کو معلوم ہے کہ اللہ کے فضل و کرم سے نواز شریف نا صرف پاکستان کا حال بلکہ انشااللہ مستقبل بھی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close