یو اےای جانے والوں کی بڑی پریشانی ختم، تین شہروں سے پروازوں کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا

ابوظبی(پی این آئی) متحدہ عرب امارات کی جانب سے 5اگست بروز جمعرات سے پاکستان سمیت چھ ممالک کے مسافروں کو امارات واپس آنے کی مشروط اجازت دے دی گئی ہے۔ اماراتی حکام کے مطابق امارات کا کارآمد ویزہ رکھنے والے واپس آسکیں گے تاہم وہی افراد فوری طور پر سفر کر سکتے ہیں جنہوں نے کورونا سے بچاؤ کی ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوا رکھی ہیں اور دوسری خوراک لگوائے ہوئے بھی کم از کم چودہ روز گزر چکے ہوں گے۔اس حوالے سے ابوظبی کی سرکاری فضائی کمپنی اتحاد ایئر ویز کی جانب سے اہم اعلان کیا گیا ہے۔ اتحاد کی ویب سائٹ پر آگاہ کیا گیا ہے کہ پاکستان کے تین شہروں سے ابوظبی کے لیے جلد پروازیں شروع کی جائیں گی۔ اتحاد ایئر ویز کا کہنا ہے کہ 10 اگست سے پاکستان کے تین شہروں کراچی ، لاہور اور اسلام آباد سے ابوظبی کے لیے پروازیں شروع ہو جائیں گی۔اس کے علاوہ بھارتی شہروں چنائی، کوچی، دہلی، تری وندناپورم اور بنگلورو سے ابوظبی کے لیے پرواازیں 7 اگست 2021ء سے بحال کی جائیں گی۔10 اگست سے بھارتی شہروں حیدر آباد، ممبئی اور احمد آباد سے ابوظبی کے لیے فلائٹس کی روانگی شروع ہو جائے گی۔ بنگلہ دیش اور سری لنکا کے ٹرانزٹ مسافروں کے لیے بھی 10 اگست سے پروازوں کا آغاز ہوگا۔ایئر لائن نے آگاہ کیا ہے کہ پاکستان سے ابوظبی پہنچنے والے مسافروں کے پاس پی سی آر ٹیسٹ کی نیگیٹو رپورٹ ہونا لازمی ہو گی، جسے پرواز روانگی کے لیے جاری ہوئے 48 گھنٹے سے زائد وقت نہ گزرا ہو۔ انہی مسافروں کو امارات آنے کی اجازت دی جا رہی ہے، جنہوں نے مکمل ویکسی نیشن کروارکھی ہے یعنی دونوں خوراکیں لگوا رکھی ہیں اور دوسری خوراک لگوائے بھی کم از کم 14 روز گزر چکے ہوں۔ ورنہ انہیں ویکسین کی شرط پوری کرنے کا انتظار کرنا ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close