پی ٹی آئی رہنما اسد کھوکھر کے گھر فائرنگ، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار حملے میں بال بال بچ گئے

لاہور (پی این آئی) تحریک انصاف کے صوبائی وزیر اسد کھوکھر کے بیٹے کی شادی کی تقریب پر حملہ، وزیراعلیٰ پنجاب سے چند گز دور فائرنگ ہوئی، گھات لگائے حملہ آوروں نے موقع ملتے ہی فائرنگ کر دی، واقعہ بظاہر ذاتی دشمنی کا نتیجہ، پی ٹی آئی رہنما کے بھائی مبشر کھوکھر نشانہ تھے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں جمعہ کی شب کو تشویش ناک واقعہ پیش آیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور میں تحریک انصاف کے صوبائی وزیر اسد کھوکھر کے صاحبزادے کی شادی کی تقریب پر ایک نامعلوم شخص کی جانب سے حملہ کیا گیا۔ حملہ آور نے شادی کی تقریب میں گولیاں چلا دیں، جس کی وجہ سے اسد کھوکھر کے بھائی مبشر کھوکھر جاں بحق ہو گئے ۔ زخمیوں کو ہنگامی طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار سمیت تحریک انصاف کے دیگر رہنما بھی شادی کی اس تقریب میں شریک تھے، وہ اس تمام واقعے کے دوران محفوظ رہے۔ واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ واقعہ ڈیفنس کے علاقے میں پیش آیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close