کسی کو پارٹی کے اندر پارٹی بنانے کی اجازت نہیں، عون چوہدری کے استعفے کے بعد واضح اعلان

لاہور(پی این آئی)معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عون چوہدری کا استعفی دینا اور بیانیہ ٹی وی پر چلنا نامناسب اقدام ہے، ایشو کو میڈیا کی سکرین پر لانے سے گریز کرنا چاہیے تھا اور مسئلے کو گھر کے اندر حل کیا جانا چاہیے تھا،پارٹی کے اندر پارٹی بنانے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی،لوگ تعینات بھی ہوتے ہیں ڈی نوٹیفائیڈ بھی ہوتے ہیں،عون چوہدری پارٹی کے اہم رکن ہیں اور ان کی پارٹی کے لئے خدمات ہیں،میں توقع کرتی ہوں کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے پارٹی سے رشتہ مضبوط بنائیں گے اور ایسی باتوں سے گریز کریں گے جس سے ان کے اور پارٹی کے درمیان خلیج مزید بڑھے، وزیراعظم کا فیصلہ ہمارے لئے مقدم ہے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے مجھ سے ملاقات کی اور میری ان سے تفصیلاً بات ہوئی،مجھےبتایا گیا ہےکہ وفاق کےاندر اہم ذمہ داری تفویض کی جارہی ہے، ٹیم کے کس کھلاڑی کو کہاں کھلانا ہے؟ یہ کپتان کا استحقاق ہے، وزیر اعظم عمران خان نے مجھے جو بھی ذمہ داری دی میں نے اس کو احسن طریقے سے انجام دیا،قیادت جو ڈیوٹی لگائے گی میں فرض سمجھ کر ادا کروں گی۔انہوں نے کہا کہ میں نے 22سالہ سیاسی سفر میں بڑے نشیب و فراز دیکھے ہیں،عہدوں اور وزارتوں سے فرق نہیں پڑتا، فر ق آپ کے عزم اور کام سے لگن سے پڑتا ہے، میرا ماننا ہے کہ ہر آنے والا کل گزرے ہوئے کل سے بہتر ہوتا ہے، مجھے خوشی ہے کہ وزیراعلیٰ کا اعتماد مجھے آج بھی حاصل ہے اور وہ میری پارٹی اور حکومت کے لئے خدمات کا اعتراف کرتے ہیں،وقت ثابت کرے گا کہ میں پارٹی اور ملک کی بہتری کے لئے ہی لڑی ہوں نہ کہ اپنی ذات کے لئے، وزیراعلیٰ بہت جلد میری دعوت پر سیالکوٹ آ رہے ہیں، منتخب نمائندہ ہو یا غیر منتخب مجھے کسی سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شاہی خاندان برطانیہ میں بیٹھ کر پاکستان کے عوام کو گمراہ کرنے میں مصروف تھا،ویزے میں توسیع نہ ملنا ثابت کرتا ہے کہ ظل سبحانی سرٹیفائیڈ جھوٹے ہیں،ظل سبحانی کے جھوٹ کا پردہ چاک ہوگیاہے اوروزیر اعظم عمران خان کے موقف کی برطانیہ کے امیگریشن ڈیپارٹمنٹ نے تائید کر دی ہے،ن لیگ افراتفری اور انتشار کا شکار ہے بہترین موقع ہے کہ بھگوڑے خاندان سمیت واپس آئیں اور اپنے کئے کا حساب دیں،جنہیں عوام کا درد ہوتا ہے وہ عوام کیساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں