اسلام آباد(آئی این پی )سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینزکے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے کشمیریوں کا استحصال دنیا کے منصفوں کے ضمیر کا امتحان ہے۔ اقوام متحد کے امن چارٹر پر عمل کراتے ہوئے کشمیریوں کے انسانی حقوق بحال کرائے۔ انہوںنے کہا کہ مودی کا 5اگست کا جارحانہ اقدام جمہوری آزادی پر شبخون ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ رائے شماری کشمیریوں کا بنیادی اور جمہوری حق ہے۔ انہیں یہ حق دینا پڑے گا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ اگر پیپلزپارٹی کی حکومت ہوتی تو مودی کو یہ جرأت ہی نہ ہوتی کہ وہ 5اگست کا اقدام اٹھاتے۔ اگر مودی جارحیت کرتے تو صدر، وزیراعظم اور وزیر خارجہ آرام سے نہ بیٹھے ہوتے۔ اراکین پارلیمنٹ دنیا بھر میں بھارت کے خلاف رائے عامہ پیدا کرتے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ عمران خان بے شک ہم سے انتقام کا شوق پورا کرے مگر تھوڑی سی توجہ کشمیریوں پر بھی دے۔ دو سال سے مقبوضہ کشمیر عملی طور پر جیل بنا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کشمیریوں کو رائے شماری کا جمہوری حق دلانے کے لئے عالمی سطح پر بھرپور سفارتکاری کرنی ہوگی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں