لاہور(پی این آئی)معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے تحریک انصاف کے ہراول دستے کے رکن عبد القیوم نیازی کواس لئے نامزد کیا ہے تاکہ آزاد کشمیر میں جب ہندوستان کو للکارنے کی باری آئے،بھارت کی سیاہ کاریوں کو اجاگر کرنے کا مرحلہ آئے اوراس پار بیٹھے بہن بھائیوں کے لیے آواز اٹھانے کی بات ہو تو وہ کشمیریوں کے حقوق کی آواز بلند کر سکیں،پنجاب حکومت صحافی برادری کی فلاح و بہبود کیلئے کمربستہ ہے اور عملی اقدامات اٹھا رہی ہے، آزادی اظہار رائے اورصحافیوں کی فلاح و بہبود پی ٹی آئی کے منشور کا حصہ ہے، شوباز کی نااہل حکومت نے صحافی برادری کیلئے کچھ نہ کیا سوائے طفل تسلیوں کے، پہلی مرتبہ پی ٹی آئی حکومت صحافی برادری کی حقیقی خدمت کررہی ہے، شعبہ صحافت کی مضبوطی ہماری اولین ترجیح ہے تاکہ ریاست اور قوم ملک کے اس اہم ستون سے مستفید ہوسکیں۔صحافی کالونی کے ایف بلاک میں ترقیاتی منصوبے کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وطن عزیز کی تعمیروترقی میں صحافی برادری کی خدمات لائق تحسین ہیں،کورونا کے دوران صحافی برادری نے ہر اول دستے کا کردار ادا کیا، پنجاب حکومت نے فرنٹ لائن ورکرز کی طرح صحافی برادری کی ویکسینیشن بھی سب سے پہلے کی،ہیلتھ کارڈ کا آغاز بھی صحافتی برادری سے کریں گے، پنجاب حکومت ہر ڈویژن میں صحافی کالونی کے ذریعے صحافی برادری کو چھت فراہم کرنے کے مشن پر عمل پیرا ہے،میڈیا معاشرے کا آنکھ اور کان ہے، ہماری حکومت میڈیا کی نشاندہیوں کو بروئے کار لا رہی ہے اور میڈیا کی نشاندہی پر فوری ایکشن لیے جا رہے ہیں،میڈیا کیساتھ تعلقات کو مزید فروغ دے رہے ہیں تاکہ حکومت اور میڈیا ملکر ملک کی تعمیرو ترقی و خوشحالی میں کردار ادا کرسکیں۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ صحافی کالونی کے سیوریج کے لیے واسا نے ساڑھے پانچ کروڑکاٹینڈر کیا ہے،اس سال کے اختتام تک ایف بلاک کی کنسٹرکشن کا کام بھی شروع ہو جائے گا،موجودہ حکومت نے بی بلاک کا مسئلہ حل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور متبادل زمین کے لیے مثبت پیش رفت ہو رہی ہے،بی بلاک کے متاثرین کو جلد خوشخبری دینے جارہے ہیں، حکومت پنجاب صحافی کالونی فیز ٹو کا تحفہ بھی دینے جا رہی ہے، اس ضمن میں جرنلسٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن نے ڈی جی ایل ڈی اے کو زمین کیلئے خط لکھ دیا ہے اور انشااللہ جلد ہی فیز ٹو کی شروعات ہوگی،صحافی برادری کے زیادہ تر تحفظات دور کردیے ہیں،حکومت پنجاب وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر اس منصوبے کی مانیٹرنگ کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے حواریوں کے بیانیوں پر پانی پھر گیا ہے، وزیراعظم عمران خان نے آزاد کشمیر کے لیے عام آدمی کو بطور وزیر اعظم منتخب کیا ہے، وہاں کے عام نمائندے کو طاقت دے کر وزیراعظم نے ثابت کیا ہے کہ آزاد کشمیر میں تبدیلی آ چکی ہے، تبدیلی بڑے لوگوں کو بڑے عہدوں پر بیٹھانے کا نام نہیں بلکہ تبدیلی سوچ، ویژن اور دوسروں کے لیے جینے کا نام ہے، وزیر اعظم نے تحریک انصاف کے منشور کے ساتھ جڑی آواز آزاد کشمیر کو دی ہے۔ڈاکٹرفردوس نے کہا کہ ن لیگ اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کاکشمیریوں نے صفایا کر دیاہے،م ش کاگھمسان کا رن آپس کے مختلف بیانیوں میں پھنس کر واضح ہو چکا ،کشمیریوں نے ان کی دوکانیں بند کر کے قومی مفاد کو ترجیح دی ہے،عوام نسل در نسل غلامی کی زنجیریں اتار کی پھینک چکے ہیں اور فیصلہ کر چکے ہیں کہ ان کو تھانے اور کچہری کی سیاست کو ترک کرنا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کارکنان کسی بھی جماعت کے ماتھے کا جھومر ہوتے ہیں،آزاد کشمیر میں کارکنان اور تحریک انصاف کا نظریہ جیتا ہے، جب اگلا الیکشن ہو گا تواس کے بعد کی باتیں بعد میں ہوں گی،ہو گا وہی جو عوام اور کارکنان چاہیں گے،ساری دنیا جانتی ہے کہ ن سے ش نکلی اور م قرنطینہ میں چلی گئی ہے،دنیا میں کہیں بھی ٹیکنالوجی کورنٹین نہیں ہوتی،افراد کورنٹین ہوتے ہیں،مریم نے آزاد کشمیر اور سیالکوٹ کی ہار کے زخموں کو تنہائی میں چاٹنے فیصلہ کیا ہے۔معاون خصوصی نے کہا کہ شہباز شریف کا بیانیہ بھی سامنے ہے،ن لیگ میں دو لوگ بیان دے رہے ہیں ،ایک مریم نواز اور دوسرے ظل سبحانی دوئم ہیں،ان دونوں کی ڈائریکشن الگ الگ ہے اور ان کی منزل اقتدار ہے جو ان کو کبھی بھی نصیب نہیں ہو گا، عمران خان نے شہباز شریف پر جو الزامات لگائے ان کا بیک گراؤنڈ دیکھنا ہے،جب تک عدالتوں میں کیسز چل رہے ہیں ہم ان کو ملزم کہتے رہیں گے،اگر ان کو یہ پسند نہیں تو منی ٹریل دیں اور اپنے اوپر لگا دھبہ صاف کر لیں،کسی کو کچھ نہیں علم ان کو کون مال پانی دے گیا؟ وہ کون شخص تھا جو پچیس ارب روپے ظل سبحانی دوئم کے بیٹے کے اکاؤنٹ میں ڈال گیا اور ان کو علم ہی نہیں ہوا؟یہ امام مسجد بننے کی کوشش کر رہے ہیں، قوم اب سارا کھیل سمجھ چکی ہے،ووٹ کی طاقت سے عوام نے ان کو رسوا کیا ہے اورسوائی ان کا مقدر بن چکی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں