آزاد کشمیر کا نیا وزیراعظم منتخب ہوتے ہی وزیراعظم عمران خان نے سردار تنویر الیاس کو بڑا جھٹکا دیدیا

اسلام آباد (پی این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا کہ سینٹورس میں سردار تنویرالیاس کیخلاف بھی کارروائی کی گئی ہے جو ہمارے رہنماء ہیں اور ابھی آزاد کشمیر میں منتخب ہوگئے ہیں، وزیراعظم نے طاقت ور ترین لوگوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی دباؤ کے بغیر تجاوزات کے خلاف کارروائی پر عمل درآمد جاری رہے گا، ہم قبضے نہیں ہونے دیں گے، ہم اسلام آباد کے اندر گرین ایریاز کو بحال کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم ہاؤس کو کمرشل سرگرمیوں کیلئے کھولنے کا فیصلہ موخر کردیا گیا ہے، وزیراعظم ہاؤس میں 32 ارب کی لاگت سے یونیورسٹی کی تعمیر جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ نے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر کراچی کی تعیناتی کی منظوری دیدی ہے۔ کابینہ نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ نیشنل پارک میں کسی قسم کی تجاوزات کی اجازت ہرگز نہیں دی جائیگی اور وزیراعظم نے اس حوالے سے سخت احکامات جاری کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے گرین ایریاز میں جن اداروں کی جانب سے بھی تجاوزات کی گئی ہیں، ان کو پیچھے ہٹادیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نیول فورسز سے کہا گیا کہ اپنی باؤنڈری گرین ایریا سے پیچھے لے کر جائیں، فضائیہ کو کہا گیا ہے کہ وہ اپنا ایریا چھوڑ کر پیچھے چلے جائیں گے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ سرکاری اداروں خصوصاً اسلام آباد پولیس نے بہت سارے علاقوں میں اپنی چیک پوسٹیں بنائی ہیں، ان کو کہا گیا کہ وہ اپنی چیک پوسٹیں ختم کریں اور جو علاقہ چاہے کسی ادارے یا طاقت ور آدمی کا ہے، ان کی تجاوزات کو ختم کردیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں