اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کسانوں کو تمباکو کی فروخت کے سلسلے میں درپیش مشکلات کا نوٹس

اسلام آباد(آئی این پی)اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کسانوں سے تمباکو کی خریداری کے سلسلے میں غیر معمولی تاخیر اور کسانوں کو درپیش مسائل کا نوٹس لے لیتے ہوئے تمباکو کے تمام اسٹیک ہولڈرز کا اجلاس طلب کرلیا، انہوں نے کسانوں سے تمباکو کی پیداور کو بغیر کسی دشواری کے مناسب قیمت پر خریداری کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی اور تمباکو کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ کسانوں کو ان کی محنت کا معقول معاوضہ دیں، اسپیکر نے قومی اسمبلی کی زرعی مصنوعات کی خصوصی کمیٹی کے ممبران کے منتخب گروپ کو ہدایت کی کہ وہ تمباکو کی خریداری کے طریقہ کار کا جائزہ لیں اور کمیٹی کو اپنی رپورٹ پیش کریں، تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی سے منگل کو صوابی سے تعلق رکھنے والے کسانوں کے ایک وفد نے ملاقات کی ، محمد ایاز خان کی قیادت میں وفد کے شرکا نے اسپیکر قومی اسمبلی کو تمباکو کی فروخت کے سلسلے میں درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور خریداری مراکز پر بنائی گئی وڈیو پیش کی جن میں تمباکو خریداری مراکز میں غیر معمولی تاخیر اور دیگر مسائل سے آگاہ کیا،وفد کے شرکا نے بتایا کہ گرمی کے سخت موسم میں کسانوں کو تمباکو بیچنے کے لیے خریداری مراکز کے سامنے طویل انتظار کرنا پڑتا ہے اور لوکل کمپنیوں کی طرف سے خریداری نہیں ہورہی اور بڑی کمپنیوں کی خریداری مراکز میں کسانوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس سے کسانوں میں شدید بے چینی اور گہری تشویش پائی جاتی ہے، اسپیکر نے تمباکو کمپنیوں کی جانب سے کسانوں کے ساتھ کیے جانے والے استحصال کو روکنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کا اجلاس طلب کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے کسانوں کو یقین دلایا کہ قومی اسمبلی کی زرعی مصنوعات کی خصوصی کمیٹی تمباکو کے شعبے کے لیے قانون سازی اور ریگولیٹری فریم ورک کا مکمل جائزہ لے رہی ہے اور کسانوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔اسپیکر نے ڈپٹی کمشنر صوابی ، چیئرمین پاکستان ٹوبیکو بورڈ اور سیکریٹری پاکستان ٹوبیکو بورڈ سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے انہیں تمباکو کی خریداری مراکز پر کسانوں کو درپیش مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں