شہبازشریف اگر بات کرنا چاہیں تو حکومت کے دروازے کھلے ہیں، شیخ رشید

اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ (ن)لیگ کو اپنی پالیسیوں کی وجہ سے نقصان پہنچا ، شہبازشریف اگر بات کرنا چاہیں تو حکومت کے دروازے کھلے ہیں، (ن)لیگ اور شین لیگ کے درمیان آپس میں مفاہمت اور مزاحمت کی جنگ جاری ہے، ان کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں، یہ اپنی انگلیاں خود کاٹیں گے، اسلام آباد میں نالوں کے اردگرد غیر قانونی تعمیرات گرانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، اسلام آباد کے سیکٹر ای الیون میں سیلاب آیا لیکن ہمارے پاس ریسکیو ٹیم نہیں تھی، اسلام آباد میں نالوں سے متعلق سی ڈی اے چیئرمین کو بھی ہدایت جاری کردی ہے کہ تمام نالوں پر تعمیرات 30اگست تک کلیئر ہونے چاہییں۔ اسلام آباد میں پریس بریفنگ کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ وزارت داخلہ ملک میں امن و امان کیلئے کوشاں ہے، محرم الحرام میں امن و امان قائم رکھنے کیلئے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نادرا میں کوویڈ ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کا اجراء کیا جا رہا ہے، ملکی و غیر ملکی افراد کو سرٹیفکیٹ فراہم کیا جائے گا،64ممالک اس سسٹم میں شامل ہوں گے، سسٹم کے ذریعے چیک کیا جا سکے گا کہ بیرون ملک سے آنے یا جانے والے شخص نے ویکسین لگوائی ہے یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈپلومیٹک انکلیو کو ماڈرن ڈپلومیٹک انکلیو بنایا جائے گا190مزید کیمرے لگائے جائیں گے، 1122ایمرجنسی رسپانس سٹیشن بنایا جائے گا،بدقسمتی ہے کہ اسلام آباد میں سیلاب آیا اورعلاقے میں 1122کی سہولت موجود نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ پانی کے بہائو میں رکاوٹ بننے والے اسلام آباد میں موجود نالوں پر قائم تجاوزات کو گرایا جائے گا،میں خود اس آپریشن کو لیڈ کروں گا، اس کام کو 30اگست تک مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 9محرم الحرام سے پہلے ہولی فیملی میں کورونا وارڈ کا افتتاح کیا جائے گا، کورونا وباء کے خاتمے کیلئے مزید اقدامات کئے جائیں گے۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ایف آئی اے، نادرا اور سائبر کرائم میں روٹیشن پیریڈ مکمل کرنے کی ہدایت کر دی ہے، لوگ ایک ہی جگہ پر 12,12 سال سے بیٹھے ہیں، 64بیرون ملک مشن میں شامل لوگوں کو واپس بلایا گیا ہے،ان کی جگہ میرٹ پر لوگ لگائے جائیں گے، بیرون ملک نادرا اور پاسپورٹ آفس میں بیٹھے لوگ 30اگست تک رپورٹ نہیں کریں گے تو انہیں نوکریوں سے فارغ کر دیا جائے گا،ایک مہینے کی کورونا کی وجہ سے چھوٹ دی جا رہی ہے،جعلی شناختی کارڈ بنانے والی کالی بھیڑوں کو نادرا سے نکالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن ختم کرنے کیلئے آن لائن ویزہ شروع کیا،پاکستان میں موجود غیر قانونی طریقے سے ہزاروں لوگ چھپے ہیں،انہیں ایک مہینے کی مہلت دی گئی ہے، اپنا ویزہ اپلائی کریں ورنہ انہیں ملک چھوڑنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ چین ہمارا عظیم دوست ملک ہے، چائنیز کی سیکیورٹی کیلئے تمام موجودہ وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، داسو ڈیم واقعہ کے معاملے پر تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف محکموں میں بیٹھے سفارشی لوگوں کو ہٹا دیا گیا ہے۔وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ (ن) لیگ اور (ش) لیگ دو الگ سوچوں کا نام ہے، دونوں مزاحمت اور مفاہمت کی جنگ لڑ رہے ہیں، عمران خان لکی آدمی ہے اپوزیشن سے کوئی تھریٹ نہیں،پیپلز پارٹی اور نون لیگ حکومت کیلئے مسئلہ نہیں، ان کی مفاہمت اور مزاحمت کی پالیسیاں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی، مفادات کے بھوکوں کا جمعہ بازار لگا ہوا ہے، ان کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں،یہ صرف میڈیا پر شور مچا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف ماضی کو بھلا کر اگر بات کرنا چاہیں تو بسم اللہ، اپوزیشن کیلئے حکومت کے دروازے سیاست میں کبھی بند نہیں ہو سکتے،اپوزیشن مذاکرات کی ابتداء الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے کر رہا ہے۔(اح+س)

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close