مذاکرات ہی تنازعات کے پائیدار حل کا واحد راستہ ہیں، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

اسلام آباد(آئی این پی )وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مذاکرات ہی تنازعات کے پائیدار حل کا واحد راستہ ہیں،پیر کو اسلام آباد میں عرب پارلیمنٹ کے سربراہ عادل بن عبدالرحمن کی سربراہی میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کشمیر اور فلسطین کے تنازعات کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق پرامن حل کا خواہاں ہے۔انہوں نے عرب پارلیمانی وفد کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بھارتی پالیسیوں کی وجہ سے علاقائی امن و استحکام کو لاحق خطرات کے بارے میں آگاہ کیا۔وزیر خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ پانچ اگست2019 کو جموں و کشمیر سے متعلق بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدام کی مذمت کرے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مشرقِ وسطی میں امن و استحکام چاہتا ہے اور فلسطین کے مسئلے پر اس کا موقف واضح ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان عرب ملکوں کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے پر عزم ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close