کراچی (پی این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی نے جلد حکومت مخالف تحریک شروع کرنے کا عندیہ دے دیا ، وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کہتے ہیں کہ ایک لاکھ عمران خان بھی آجائیں تو سندھ فتح نہیں کرسکتے ، پیپلز پارٹی جلد حکومت مخالف تحریک شروع کرسکتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ میں پی ٹی آئی کے دو ایم پی ایز پیپلز پارٹی کے ساتھ رابطے میں ہیں جب کہ پی ٹی آئی کے دونوں ممبر صوبائی اسمبلی پہلے ہی اپوزیشن کو چھوڑ چکے ہیں اس کے علاوہ کراچی کے پی ٹی آئی کے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی پیپلزپارٹی میں شامل ہونے کے لیے تیار ہیں ، جی ڈی اے کے سندھ کے ممبرز بھی پیپلزپارٹی میں شامل ہونے کو تیار ہیں۔وزیر تعلیم سندھ نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت کے لیے کوئی خطرہ نہیں ہے ، سازش کے ذریعے پیپلزپارٹی اور اے این پی کو پی ڈی ایم سے دور کیا گیا لیکن اب پیپلز پارٹی جلد حکومت مخالف تحریک شروع کرسکتی ہے جب کہ وفاق لاک ڈاؤن کے معاملے پر محض سیاست کررہا ہے ،اس کے علاوہ حکومت افغان مسئلے پر سیاسی جماعتوں کواعتماد میں نہ لے کر غلطی کررہی ہے۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے بعد پی ٹی آئی کی نظریں سندھ پر ہیں، سندھ کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں، متبادل جماعت ہی تبدیلی لاسکتی ہے،جس دن عوام قائل ہوگئے تو سندھ میں بھی خوشگوار تبدیلی نظر آئے گی۔انہوں نے ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا سیالکوٹ کا الیکشن بارش کا پہلا قطرہ ثابت ہوگا ، سیالکوٹ میں تحریک انصاف کے امیدوار کی جیت ابھرتا ہوا ٹرینڈ ہے جس کو آگے لے کر جائیں گے اور آئندہ انتخابا ت میں وسطی پنجاب میں بھی مزید سیٹیں حاصل کریں گے ، انہو ں نے کہا وزیراعظم عمران خان کا 5 اگست کو آزاد کشمیر جانے کا ارادہ ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں