یقین دلاتا ہوں نور مقدم کیس میں کوئی کتنا ہی بااثر ہو،سزا ضرور ملے گی، وزیر اعظم

اسلام آباد(آئی این پی)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وہ نور مقدم کیس کو خود دیکھ رہے ہیں اور یقین دلاتے ہیں کہ قاتل بچ نہیں سکے گا، اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ وہ امریکی شہری ہے تو وہ بچ جائے گا، ایسا نہیں ہوگا، افغان سفیر کی بیٹی کے کیس کو اس طرح فالو کیا ہے جیسے وہ میری بیٹی ہو، افغان ہمارے اپنے لوگ ہیں، ہم انہیں اپنے بھائی سمجھتے ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق اتوار کو سرکاری ٹی وی پر قوم سے خطاب سے کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان خان نے نور مقدم کیس کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ قاتل بچ نہیں سکے گا چاہے قاتل دوہری شہریت ہی کیوں نہ رکھتا ہو،لوگ کہتے ہیں کہ قاتل بڑے مضبوط خاندان سے ہے اور کہیں وہ بچ نہ جائے۔ میں آپ کو یہ یقین دلاتا ہوں کہ قاتل بچ نہیں پائے گا۔ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ وہ امریکی شہری ہے تو وہ بچ جائے گا، ایسا نہیں ہوگا۔ وزیر اعظم نے نور مقدم کیس کے بارے میں مزید کہا کہ اس کیس سے پوری طرح آگاہ ہوں۔ میں نے ایک ایک چیز کی تفصیل لی ہے۔ یہ بڑا خوفناک قسم کا کیس ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ اس سے پہلے افغان سفیر کی بیٹی سے حادثہ ہوا تھا کہ اس پر کسی نے تشدد کیا ہے میں نے اس کیس کو بھی اسی طرح فالو کیا ہے جیسے وہ میری بیٹی ہو۔ افغان ہمارے اپنے لوگ ہیں، ہم انہیں اپنے بھائی سمجھتے ہیں۔میں پولیس کو داد دوں گا کہ انہوں نے اس کیس کو ہر زاویے سے فالو کیا۔ اسی طرح نور مقدم کیس میں بھی ایک ایک چیز کوفالو کر رہے ہیں۔ یہ بہت بڑی ٹریجڈی ہے۔ میں آپ سب کو یہ یقین دلانا چاہتا ہوں کہ کوئی کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو، اس کو اس کیس میں قانون کے مطابق پوری سزا ملے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close