نوابشاہ، اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی کے قافلے پر حملہ، پتھرائو، فائرنگ کا واقعہ

کراچی(آئی این پی)سندھ کے ضلع شہید بے نظیر آباد کے شہر نوابشاہ میں اپوزیشن لیڈر اور پی ٹی آئی کے رہنما حلیم عادل شیخ کے قافلے پر حملہ کیا گیا،تفصیلات کے مطابق نوابشاہ کے دورے پر گئے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کے قافلے پرپتھرا ئواور فائرنگ کی گئی، جس میں خوش قسمتی سے کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا،اپوزیشن لیڈر سندھ حلیم عادل شیخ نے حملے کی ذمہ داری پیپلزپارٹی پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ اسد زرداری، عمران زرداری، بابو ڈومکی اور دیگر نے گاڑی پر فائرنگ کی، زرداری ہائوس کے باہرگاڑی پرپتھرائو اور کارکنان پر تشدد کیا گیا،انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ اصل بھٹو نہیں زرداری کے لوگ ہیں۔ حلیم عادل شیخ نے چیلنج دیا کہ میں نوابشاہ میں ہی بیٹھا ہوں کسی میں طاقت ہے تو آجائے،دوسری جانب گورنرسندھ عمران اسماعیل نے نوابشاہ میں حلیم عادل شیخ کے قافلے پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کو کچھ ہوا تو ذمہ دار سندھ حکومت ہوگی،گورنر سندھ نے واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے و اقعات کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا، یہ صوبے کا امن خراب کرنے کی مذموم کوشش ہے، سیاسی مخالفین کو ظلم و جبر کے ذریعے دبانے کی مکروہ سازش کی جارہی ہے جس میں پیپلزپارٹی کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا،وزیراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل نے بھی حلیم عادل شیخ کے قافلے پر نوابشاہ کے گیٹ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی سندھ میں بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہے، اس لیے وہ تحریک انصاف کے رہنمائوں پر حملے کروا رہی ہے،شہباز گل نے کہا کہ مسلسل شکست کے بعد بلاول کو سندھ میں بھی شکست دکھائی دے رہی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close