پی ٹی آئی کی آزاد کشمیر اسمبلی میں نشستیں مزید بڑھ گئیں، حکومت بنانے کیلئے درکارنمبرز بآسانی حاصل کر لئے

مظفر آباد(پی این آئی)آزاد کشمیر میں حکومت بنانے کیلئے تحریک انصاف کو27 ووٹ درکار ، خواتین امیدواروں کی کامیابی کے بعد پی ٹی آئی کی نشستوں کی تعداد 29 ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کی نشستوں کی تعداد 29 ہوگئی ہے۔آزاد کشمیر اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں پر پانچوں امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوگئی ہیں،تحریک انصاف نے 3 جبکہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے ایک ایک نشست حاصل کی ہے۔53 ارکان پر مشتمل ایوان میں پی ٹی آئی نشستوں کی تعداد 29 ہو گئی ہے جب کہ پیپلزپارٹی کی 12 اور مسلم لیگ ن کی 7 نشستیں ہیں، جموں کشمیر پیپلز پارٹی اور مسلم کانفرنس کے پاس ایک ایک نشست موجود ہے۔پیپلزپارٹی کی12 میں سے 2 نشستیں چوہدری یاسین نے حاصل کی ہیں، چوہدری یاسین ایک نشست چھوڑیں گے جس پر ضمنی الیکشن ہوگا۔ ٹیکنوکریٹ، علما مشائخ اور سمندر پار کشمیریوں کے لیے مختص بقیہ 3 نشستوں پر کل پولنگ ہوگی۔خیال رہےکہ 53 ارکان پر مشتمل ایوان میں حکومت سازی کے لیے27 ووٹ درکار ہیں، اس طرح پی ٹی آئی کشمیر میں 29 نشستوں کے ساتھ سادہ اکثریت حاصل کرچکی ہے جب کہ 3نشستوں کا فیصلہ ہونا بھی ابھی باقی ہے۔منتخب ارکان سے موجودہ اسپیکر کل حلف لیں گے جس کے بعد ارکان نئے اسپیکر کا انتخاب کریں گے۔تحریک انصاف کے رہنما تنویر الیاس کے مطابق عمران خان آئندہ 2 روز میں وزیراعظم آزاد کشمیر کے نام کا اعلان کردیں گے۔دوسری طرف بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے اپوزیشن کو ایک پیج پرآنے کی دعوت دے دی ، پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کراچی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں زیادہ پیسے والا وزیراعظم اور اسپیکر بنے گا، پیسے کی بنیاد پر بنی جعلی حکومت کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیں گے، حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے اپوزیشن جماعتوں کو ایک پیج پر آنا چاہیے ، اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر حکومت کوٹف ٹائم دینے کی کوشش کریں گے، آزاد کشمیر انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے، وفاقی حکومت نے آزاد کشمیرانتخابات میں پیسہ چلایا، وفاقی حکومت نے الیکشن کمیشن کے احکامات کو نظرانداز کیا، الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر پر پابندی لگائی، دوسرے روز وہ جلسوں میں شریک تھے، حکومت کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیں گے، آزاد کشمیر کے عوام سے جمہوری حق چھینا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے حقوق کے لیے جنگ لڑیں گے، پیپلزپارٹی جمہوری اور پارلیمانی سیاست پر یقین رکھتی ہے، بدترین الیکشن میں بھی پیپلزپارٹی کے امیدوار کامیاب ہوئے، کشمیر کے عوام کی آواز بنیں گے، دھاندلی بےنقاب کریں گے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پیسوں کی بنیاد پر جعلی حکومت بننے جارہی ہے، جس کے پاس زیادہ پیسہ ہوگا وہی آزاد کشمیر میں وزیراعظم اور اسپیکر بنےگا، کوشش ہوگی آزاد کشمیر اسمبلی میں اپوزیشن مشترکہ اسٹریٹجی اپنائے۔انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی تجویز بدنیتی پر مبنی ہے، حکومت الیکشن ریفارمزچاہتی ہے تواتفاق رائے پیدا کرنا ہوگا، سندھ میں ہمارے خلاف سیاسی کچرا جمع کیا جارہا ہے، کراچی کے ضمنی انتخابات میں سب جماعتوں کو پیپلزپارٹی نے شکست دی، پیپلزپارٹی کے خلاف کئی اتحاد بنے مگر وہ خود اختلافات کا شکار ہوگئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close