آزاد کشمیر کے وزیراعظم کا انتخاب، نمبر ون اور نمبر ٹو فیورٹ کون ہے؟ وزارت عظمیٰ کی دوڑ میں شامل سردار تنویر الیاس بھی میدان میں آگئے

اسلام آباد (پی این آئی)تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور نو منتخب ممبر قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کیلئے نمبر ون ،نمبر ٹو کی کوئی لائن نہیں ، عمران خان کا فیصلہ من وعن قبول کرینگے ، بیرسٹر سلطان بڑے بھائی اور قابل احترام ہیں،کشمیر کو صوبہ بنانے کے پروپیگنڈہ میں کوئی حقیقت نہیں ،آزاد کشمیر پاکستان کی ریاست ہے اوررہے گی، عمران خان کشمیرکو جتنا خودمختار کر رہے ہیں اتنا آج تک کسی نے نہیں کیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےسردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کیلئے نمبر ون ،نمبر ٹو کی کوئی لائن نہیں ،وزیراعظم آزاد کشمیر کا فیصلہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کریں گے،وہ جو بھی فیصلہ کریں گے اس کو سب من و عن قبول کریں گے،پارٹی چیئرمین نے مجھے جو ٹاسک دیا اس کو پورا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بیرسٹر سلطان کو ہمیشہ بڑا بھائی کہا وہ قابل احترام ہیں، وہ پارٹی کے صدر ہیں ،ہم نے کبھی ان کے خلاف ایک لفظ بھی نہیں کہا ،اختلافات کی غلط خبریں پھیلائی جاتی ہیں ،الیکشن میں ہم نے مل کر کمپئین کی اور جلسوں میں اکٹھے رہے،ہمارے درمیان کوئی اختلاف نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے معاملات ایک ہفتے تک مکمل ہو جائیں گے ،آزاد کشمیر میں حکومت سازی مکمل ہونے پر عمران خان اے جے کے اسمبلی سے خطاب کریں گے، کشمیر کو صوبہ بنانے کے پروپیگنڈہ میں کوئی حقیقت نہیں ،آزاد کشمیر پاکستان کی ریاست ہے اوررہےگی ،کشمیری عوام وزیر اعظم عمران خان کے ہر فیصلہ پر لبیک کہیں گے کیونکہ عمران خان کشمیریوں کے سفیر ہیں اورانہوں نے یہ بن کر دکھایا ۔سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ پی ٹی آئی پورے ملک سمیت آزاد کشمیر میں متحد ہے اور رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ راجہ فاروق حیدر نے تیرہویں اور چودہویں ترمیم کے حوالے سے کیا کھویا کیا پایا ؟سب کچھ سامنے لایا جائے گا، عمران خان کشمیرکو جتنا خودمختار کر رہے ہیں اتنا آج تک کسی نے نہیں کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close