راولپنڈی (آئی این پی) وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا بغیر اطلاع، ہنگامی دورہ ڈسٹرکٹ جیل ملتان سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔ شہر ملتان کی حبس زدہ گرمی میں وزیر جیل خانہ جات پنجاب ڈسٹرکٹ جیل ملتان میں قیدیوں کی خیریت دریافت کرنے پہنچ گئے۔ انہوں نے جیل میں عمومی صفائی ستھرائی، کچن، ہسپتال اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران صوبائی وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان قیدیوں میں گھل مل گئے اور گپ شپ کے دوران جیل انتظامیہ کی جانب سے ان کے ساتھ کیے جانے والے سلوک بارے استفسار کرتے رہے۔ ایک قیدی کے ہرنیا کے درد کی شکایت پر سپرنٹینڈنٹ ملتان جیل کو اس کے فوری آپریشن کروانے کے احکامات موقع پر جاری کر دیئے۔ انہوں نے بیرکوں میں پنکھوں، واش رومز اور پانی کی دستیابی کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ہدایات جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جیل ہسپتال میں آنے والے مریض قیدیوں کو ہر ممکن بہترین طریقے سے ٹریٹ کیا جائے۔محکمہ جیل خانہ جات قیدیوں کا نگران ہے، قیدیوں کے ساتھ بہترین طریقے سے پیش آیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی قیدی کے ساتھ غیر انسانی اور غیر اخلاقی سلوک ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں