لاہور(پی این آئی)پاکستان میں بھارتی کورونا وائرس ڈیلٹا کے بعد ایک اور نئی قسم سامنے آگئی ہے، لاہورمیں کورونا کی نئی قسم کیلیفورنیا ایپسیلون وائرس کے5 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، ایس اوپیز اور ویکسی نیشن پر عملدرآمد کیلئے مزید سخت فیصلے کیے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں کورونا کی بھارتی کورونا وائرس ڈیلٹا کے بعد اب کورونا وائرس کی نئی قسم کیلیفورنیا ایپسیلون وائرس کے کیسز سامنے آنے لگے ہیں۔لاہور میں اب تک کیلیفورنیا ایپسیلون وائرس کے 5 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ سیکرٹری صحت پنجاب سارہ اسلم کہا کہ پنجاب میں 23 مریضوں کے سیمپلز میں 5 مریض ایسے تھے جن میں کیلیفورنیا ایپسیلون کی تشخیص ہوئی ہے۔مزید برآں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا ہے کہ دن رات زیادہ سے زیادہ ویکسی نیشن کیلئے محنت کر رہے ہیں، ویکسی نیشن کے عمل میں کرپشن برداشت نہیں کریں گے، پنجاب میں اس وقت 70 فیصد کورونا کا ڈیلٹا ویرینٹ موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ گلی گلی جا کر ویکسی نیشن کی جا رہی ہے اس سے زیادہ کیا ہوسکتا ہے، 29 جولائی کو پنجاب نے ریکارڈ ویکسی نیشن کی، ہمیشہ گنجان آبادی میں کورونا کے پھیلاؤ کی شرح زیادہ ہوتی ہے، لاہور میں ابھی بھی کورونا پھیلاؤ کی شرح 3.4 فیصد ہے۔انہوں نے کہا کہ یقینی بنائیں گے، عوام کا پیسہ عوام پر خرچ ہو، ادویات کی خریداری کے عمل کا آڈٹ کرایا جا رہا ہے، وزیراعلی نے ادویات کی خریداری کی ہر طرح کی انکوائری اور آڈٹ کی ہدایت کی ہے، ہم عوام کے پیسے کے محافظ ہیں، یقینی بنائیں گے عوام کا پیسہ عوام پر خرچ ہو۔دوسری جانب پنجاب بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں کورونا وائرس سے متاثرہ 309380 مریض اب تک صحت یاب ہونے کے بعد گھروں کو واپس چلے گئے ہیں جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 372 مریض صحت یاب ہو گئے۔ سیکرٹری سپیشلائزڈہیلتھ کیئر محمد عامر جان نے کہا کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں کورونا وائرس کے متاثرین کے لیے 6665 بیڈز مختص کیے گئے ہیں جن میں سے 5666 بیڈ زخالی ہیں۔اِسی طرح لاہور کے سرکاری ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کے لیے 1279 بیڈز مختص کیے گئے جن میں سے 1017 بیڈز خالی ہیں، کورونا کی صورتحال کے پیش نظر پنجاب بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں کورونا وائرس کے متاثرین کے لیے 3122 بیڈز آئسو لیشن وارڈز میں مختص کیے گئے جن میں سے 2808 بیڈز خالی ہیں۔ اِسی طرح لاہور کے سرکاری ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کے لیے 341 بیڈز آئسولیشن وارڈز میں مختص کیے گئے جن میں 302 بیڈز خالی ہیں۔انہوں کا کہنا تھا کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کے لیے ہائی ڈیپنڈنسی یونٹ میں 2903 بیڈز مختص کیے گئے ہیں جن میں سے 2354 بیڈز خالی ہیں۔ اسی طرح لاہور کے سرکاری ہسپتالوں میں کورونا متاثرین کے لیے ہائی ڈیپنڈنسی یونٹ میں 717 بیڈز مختص کیے گئے جن میں سے 562 بیڈز خالی ہیں۔ صوبہ بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں کورونا وائرس کے متاثرین کے لیے 661 وینٹی لیٹرز کا انتظام کیا گیا ہے جن میں سے 157 وینٹی لیٹرز زیر استعمال اور 504 وینٹی لیٹرز تاحال خالی ہیں۔ اسی طرح لاہور کے سرکاری ہسپتالوں میں کورونا وائرس کے متاثرین کے لیے 221 وینٹی لیٹرز کا انتظام کیا گیا ہے جن میں سے زیر استعمال وینٹی لیٹرز کی تعداد 68 اور 153 وینٹی لیٹرز خالی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں