کورونا ویکسی نیشن کے بغیر فضائی سفر پر بھی پابندی لگا دی گئی

کراچی (پی این آئی) کورونا ویکسی نیشن کے بغیر اندرون ملک ہوائی سفر پر پابندی عائد کردی گئی، 18 سال سے زائد عمر افراد ویکسین کے بغیر ہوائی سفر نہیں کرسکیں گے، پابندی کا اطلاق یکم آگست سے ہوگا، نئی پابندی کا اطلاق انٹرنیشنل پروازوں پر نہیں ہوگا۔ اعلامیہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق کورونا ویکسی نیشن کے بغیر اندرون ملک ہوائی سفر پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔اعلامیہ میں کہا گیا کہ اٹھارہ سے زائد عمر افراد ویکسین کے بغیر اندرون ملک سفر نہیں کرسکیں گے۔ نئی پابندی کا اطلاق یکم آگست سے شروع ہوجائے گا، تاہم اس نئی پابندی کا اطلاق بین الاقوامی پروازوں پر نہیں ہوگا۔ نئی پابندی کے تحت مسافروں کو ڈومیسٹک پرواز میں سفر کرنے سے پہلے کورونا ویکسی نیشن کا ثبوت فراہم کرنا ہوگا۔غیرملکی یا ویکسین کی ایک ڈوز اور بیرون ملک سے ویکسین لگوانے والے بھی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔اسی طرح ڈاکٹرز نے جن افراد کو ویکسین لگوانے سے منع کیا ہے، وہ افراد بھی اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔دوسری جانب پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں کورونا کی بھارتی کورونا وائرس ڈیلٹا کے بعد اب کورونا وائرس کی نئی قسم کیلیفورنیا ایپسیلون وائرس کے کیسز سامنے آنے لگے ہیں۔ لاہور میں اب تک کیلیفورنیا ایپسیلون وائرس کے 5 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔سیکرٹری صحت پنجاب سارہ اسلم کہا کہ پنجاب میں 23 مریضوں کے سیمپلز میں 5 مریض ایسے تھے جن میں کیلیفورنیا ایپسیلون کی تشخیص ہوئی ہے۔مزید برآں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا ہے کہ دن رات زیادہ سے زیادہ ویکسی نیشن کیلئے محنت کر رہے ہیں، ویکسی نیشن کے عمل میں کرپشن برداشت نہیں کریں گے، پنجاب میں اس وقت 70 فیصد کورونا کا ڈیلٹا ویرینٹ موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلی گلی جا کر ویکسی نیشن کی جا رہی ہے اس سے زیادہ کیا ہوسکتا ہے، 29 جولائی کو پنجاب نے ریکارڈ ویکسی نیشن کی، ہمیشہ گنجان آبادی میں کورونا کے پھیلاؤ کی شرح زیادہ ہوتی ہے، لاہور میں ابھی بھی کورونا پھیلاؤ کی شرح 3.4 فیصد ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close