ظاہر جعفر کو نورمقدم کا مذہبی رجحان پسند نہ ہونے کا انکشاف، دو سال سے نور مقدم کو تشدد کا نشانا بنایا جارہا تھا، نور نے اپنے اہلخانہ کیلئے آخری پیغام کیا چھوڑا تھا؟ بڑا دعویٰ آگیا

اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پیش آئے نور مقدم قتل کیس میں قتل کے روز مقتولہ کی طرف سے اپنے خاندان کے ساتھ رابطے کا انکشاف ہوگیا۔ میڈیا رپورٹ میں نورمقدم کے خاندانی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ نور مقدم کی طرف سے کے روز خاندان کے ساتھ رابطہ کیا گیا ، اس دوران مقتولہ نے اپنے گھر والوں کو متنبہ کیا کہ اگر مجھے زندہ دیکھنا ہے تو تلاش نہ کرنا اور نہ ہی پولیس سے کسی قسم کا رابطہ کرنا۔خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم ظاہر جعفر پہلے بھی کئی بار نور مقدم کو تشدد کا نشانہ بنا چکا ہے جس کی وجہ سے وہ پچھلے دو سال سے شدید ذہنی تناؤ کا شکار تھی اس کے علاوہ ملزم ظاہر جعفر کو نور مقدم کا مذہبی رجحان بھی پسند نہیں تھا۔دوسری جانب ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس آپریشنز افضال احمد کوثر نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ پولیس نور مقدم قتل کیس کی اہم تفصیلات منظر عام پر نہیں لائے گی کیوں کہ مقدمہ اب تک زیر تفتیش ہے، اس کے علاوہ تفتیش میں متعدد اہم چیزیں شواہد اور معلومات ہیں جنہیں اس مرحلے پر سامنے نہیں لایا جاسکتا۔علاوہ ازیں اسلام آباد میں بہیمانہ انداز میں قتل کی جانے والی سابق سفیر کی صاحبزادی نور مقدم کے قتل کیس کے ملزم ظاہر جعفر کو آج اسلام آباد سے لاہور لایا گیا جہاں پنجاب فرانزک سائنس لیب میں ملزم کا پولی گرافک ٹیسٹ مکمل کر لیا گیا، ذرائع نے بتایا کہ ٹیسٹ سے قبل ملزم بے ہوش ہونے کی ایکٹنگ کرتا رہا ، ٹیسٹ کے دوران ظاہر جعفر سے بیس سوالوں کے جواب لیے گئے ، ٹیسٹ کے دوران بھی ملزم ظاہر جعفر مختلف حیلے بہانے کرتا رہا جس سے تفتیش ٹیم کو مشکل کا سامنا کرنا پڑا ، ظاہر جعفر کا پولی گرافک ٹیسٹ سائنس لیب کے ماہرین نے کیا ، ملزم کے پولی گرافک ٹیسٹ کی رپورٹ اسلام آباد پولیس کو بھجوائی جائے گی ، لیب میں واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا فرانزک بھی کیا گیا ، ٹیسٹ کے بعد پولیس ملزم کو لے کر اسلام آباد روانہ ہو گئی ، ملزم کو نور مقدم قتل کیس کے تفتیشی افسر انسپکٹر عبد الستار سخت سکیورٹی میں لاہور لائے تھے۔یاد رہے کہ 20 جولائی کو اسلام آباد میں تھانہ کوہسار کے علاقے سیکٹر ایف سیون فور میں نوجوان خاتون کو لرزہ خیز انداز میں قتل کردیا گیا تھا ، خاتون کو تیز دھار آلے سے بہیمانہ انداز میں قتل کیا گیا ، لڑکی کا گلا کاٹنے کے بعد سر کاٹ کر جسم سے الگ کر دیا گیا ، واقعے کی اطلاع موصول ہوتے ہی سینئر افسران اور متعلقہ ایس ایچ او موقع واردات پر پہنچے اور تحقیقات کیں اور قتل میں ملوث ظاہر جعفر نامی شخص کو موقع واردات سے گرفتار کرکے تھانے منتقل کرکے وقوعہ کا مقدمہ درج کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close