کورونا وائرس کی چوتھی لہر، تمام کلاسز کے امتحانات ملتوی کرنے کا فیصلہ

کراچی (پی این آئی) کراچی سمیت سندھ بھر میں لاک ڈاؤن کے باعث تمام امتحانات بھی ملتوی کردیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے میں اگلے ہفتے سے شروع ہونے والے امتحانات اب نہیں ہوں گے ، ان کی تاریخ بڑھائی جائے گی۔ صوبائی وزراء نا صر حسین شاہ ، مرتضیٰ وہاب ، قاسم سراج سومرو ویگر کے ہمراہ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے 8 اگست 2021ء تک لاک ڈاون لگانے کا اعلان کیا اور کہا کہ انشااللہ 9 اگست کو ہم پابندیاں ہٹانے کی پوزیشن میں ہوں گے لیکن اس وقت بھارتی قسم کا کورونا وائرس ڈیلٹا ویرینٹ 100 فیصد تک ہوگیا ہے ، یہ بڑا خطرناک ہے اور کم ازکم پانچ لوگوں کو متاثر کرتا ہے اسی وجہ سے کراچی میں کورونا کیسز زیادہ رپورٹ ہورہے ہیں اور تین دنوں میں ڈھائی ہزار کیسز آرہے ہیں اور کراچی می سماجی فیصلہ مشکل ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کےآغازسے ٹاسک فورس متحرک انداز میں کام کررہی ہے، ٹاسک فورس نےمشکل مگر سود مند فیصلے کیے ، گزشتہ سال مکمل لاک ڈاون کا فائدہ ہوا اور ٹاسک فورس فیصلوں کی وجہ سے نقصان کم ہوا ، اس کے علاوہ ہم نے صحت عامہ کی سہولیات کو بڑھاکر مزید بہتر کیا ، کورونا کی تیسری لہر میں ہم سے زیادہ شمالی علاقہ جات اور لاہور میں نقصان ہوا جس کی وجہ سے لاہور میں کرفیو جیسے اقدامات کیے گئے۔یاد رہے کہ سندھ حکومت نے کراچی سمیت صوبے بھر میں نئی اضافی پابندیوں کے ساتھ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ، اس دوران کاروباری ، عوامی اور سماجی سرگرمیوں پر پابندی ہو گی، نئی پابندیوں کے ساتھ لاک ڈاؤن 8 اگست تک ہوگا، لاک ڈاؤن کے دوران ایکسپورٹ صنعتوں کو پیداواری عمل جاری رکھنے کی اجازت ہوگی جب کہ میڈیکل اسٹورز، گروسری، پھل، سبزی بیکریز دودھ کی دکانوں پر پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔وزیراعلٰی سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں ہونے والے صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس میں کراچی سمیت سندھ بھر میں مزید پابندیاں عائد کرنے کی منظوری دی گئی ، اجلاس میں شام 6 بجے کے بعد دکانیں بند رکھنے کے فیصلے کو برقرار رکھا گیا ، سندھ کے تمام مقامات پر ویکسین کو لازمی قرار دے دیا گیا ہے ، نئی پابندیوں سے متعلق فیصلہ ٹاسک فورس کی سفارش پر کیا گیا۔اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ انٹرسٹی ٹرانسپورٹ بھی بند کی جائے گی جبکہ بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بند کرنے کے لیے این سی او سی کو سفارش کی جائے گی ، آئندہ ہفتے سرکاری دفاتر بند کر دئے جائیں گے، نجی دفاتر کو بھی بند رکھا جائے گا ، بغیر کسی وجہ کے لوگوں کے باہر نکلنے پر پابندی ہوگی ، صوبے کی تمام مارکیٹیں بند رہیں گی ، البتہ ایکسپورٹ انڈسٹری کُھلی رہے گی ، جو شخص ویکسین نہیں لگوائے گا اُسے 31 اگست کے بعد تنخواہ نہیں ملے گی اس کے علاوہ جو شخص روڈ پر آئے گا اُس کا ویکسینیشن کارڈ چیک کیا جائے گا ، لاک ڈاؤن اور پابندیوں کا اطلاق سندھ بھر میں ہوگا جس کا نوٹیفکیشن محکمہ داخلہ تفصیلات کے ساتھ جاری کرے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close