کراچی (پی این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کسی بھی وقت عام انتخابات ہوسکتے ہیں انشاء اللہ مجھے نظر آرہا ہے کہ آئندہ حکومت پاکستان پیپلزپارٹی کی ہوگی،پیپلزپارٹی کو تیاری شروع کردینی چاہیے، کراچی کو صرف پیپلزپارٹی بچا سکتی ہے، کراچی کو بچانے کیلئے آپس کے اختلافات کو ختم کرنا ہوگا، آزاد کشمیر الیکشن میں دھاندلی کے باوجود پیپلزپارٹی بڑی اپوزیشن جماعت بن کر سامنے آئی ہے۔انہوں نے کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر الیکشن میں کھلم کھلا دھاندلی ہوئی ہے، دھاندلی کے باوجود پیپلزپارٹی بڑی اپوزیشن جماعت بن کر سامنے آئی ہے، ہم نے وفاقی حکومت کا مقابلہ کیا، کراچی میں بھی تحریک انصاف اور ایم کیوایم کو ٹف ٹائم دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی وقت عام انتخابات ہوسکتے ہیں پیپلزپارٹی کو تیاری شروع کردینی چاہیے، کراچی کو صرف پیپلزپارٹی بچا سکتی ہے، ہمیں آپس کے اختلافات کو ختم کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں چیک اینڈ بیلنس ، اونرشپ نہیں ہے، وزیراعلیٰ سندھ کو ٹاسک دیا ہے کہ کراچی کے مسائل اور چیک اینڈ بیلنس کیلئے ہر ضلع میں ایک سیاسی نمائندہ تعینات کیا جائے گا جو انتظامیہ پر چیک رکھ سکے، اس بندے کو عام لوگ اپنے مسائل بتاسکیں، اس بندے کی رسائی وزیراعلیٰ تک ہونی چاہیے، کراچی میں سب سے بڑا مسئلہ پانی ہے، سندھ کے ساتھ پانی کے مسئلے میں ناانصافی ہوئی، ہمیں پانی کا حق نہیں دیا جارہا ہے، عمران خان نے وعدہ پورا نہیں کیا، پانی کے حصے میں ایک قطرے کا اضافہ نہیں کیا، کراچی میں پانی چوری روکنے کیلئے جیالوں کو حکومت کی آنکھ اور کان بننا پڑے گا۔اسی طرح کچرا اٹھانے میں بہتری آئی ہے۔ صفائی کیلئے بھی سیاسی نگرانی ضروری ہے، کراچی کے عوام کو آج نظر آنا شروع ہوگیا ہے، اگر ہم سب مل کر ایک دوسرے کی مدد کریں تو مسائل کو حل کیا جاسکتا ہے، ٹرانسپورٹ کا مسئلہ حل کریں گے، رواں سال کے آخر میں ہم کراچی کے سڑکوں پر بسیں لانا شروع کردیں گے، پھر بسیں آنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔ پیپلزپارٹی نے حکومت کو بے روزگاری، غربت میں حکومت کو ٹف ٹائم دینا ہے، پی ٹی آئی ایم ایف کیخلاف پیپلزپارٹی عام آدمی کی آواز بنیں گی۔انشاء اللہ مجھے نظر آرہا ہے کہ آئندہ حکومت پاکستان پیپلزپارٹی کی ہوگی، اگر اگلی حکومت پیپلزپارٹی کی ہوگی تو اس کیلئے کراچی سے نشستیں جیتنے کی ضرورت ہے، ایم کیوایم کی دہشتگردی کا راج ختم ہوچکا ہے، اب پی ٹی آئی ایم کیوایم کی شکل میں سامنے آئی ہے، اس کو بھی شکست دیں گے کراچی سے کشمیر تک سلیکٹڈ کو بھگائیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں