نذیر چوہان نے مذموم سازش کے تحت مجھ پر جھوٹا الزام لگایا، شہزاد اکبر

اسلام آباد (آئی این پی ) وزیر اعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ نذیر چوہان نے مذموم سازش کے تحت مجھ پر جھوٹا الزام لگایا، الزام کی تردید کے باوجود نذیر چوہان نے جھوٹی مہم چلائی۔ شہزاد اکبر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ نذیر چوہان کی جھوٹی مہم سے نہ صرف ملک میں مذہبی منافرت پھیلی بلکہ میری اور میرے اہل عیال کی جان کو خطرے میں ڈالا گیا۔ شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ عام شہری کے طور پر پولیس کو اور ایف آئی اے سائبر کرائم کو درخواست دی، جنہوں نے قانون کے تحت ایف آی آر درج کی اور تفتیش میں جرم ثابت ہونے پر نذیر چوہان کی گرفتاری کی، امید ہے معاملہ عدالت سے اپنے منطقی انجام کو پہنچے گا اور مجھے انصاف ملے گا۔ معاون خصوصی نے مزید کہا کہ ہمیں معاشرے میں مذہبی منافرت پھیلانے والوں سے سختی سے نمٹنا پڑے گا، اگر ہر شہری اپنے حق کیلیے کھڑا ہوگا تو ان شدت پسند عناصر کو شکست ہوگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close