کراچی (پی این آئی) سندھ میں سرکاری ملازمین کی جانب سے کورونا ویکسین 15 ہزار روپے میں فروخت کرنےکا انکشاف، محکمہ صحت کے عملہ نے پیسوں کے عوض ویکسین لگانے والوں کی انٹری بیرون ملک جانے والے افراد کی فہرست میں کر دی۔ تفصیلات کےمطابق محکمہ صحت سندھ کے عملے کی جانب سے کورونا وائرس کی ویکسین فروخت کرنےکا انکشاف ہوا ہے۔پولیس نے ویکسین کی فروخت میں ملوث محکمہ صحت کے 3 اہلکاروں کو گرفتار کرلیا ہے ۔ ایک ملزم ذیشان نے انکشاف کیا کہ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے افسر سمیت دیگر نے ویکسین فروخت کرنےکا کہا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے گھر گھر جا کر فائزر ویکسین لگانا شروع کی اور 7500 سے 15 ہزار روپے میں ویکسین فروخت کی، ویکسین لگانے والوں کی انٹری بیرون ملک جانے والے افراد کی فہرست میں شامل کر دیتے تھے، ویکسین فروخت کرنے کے بعد پیسے ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے افسران کو دیتے تھے، پولیس نے اعلیٰ حکام سے محکمہ صحت کے افسران کی بھی گرفتاری کے لیے اجازت طلب کرلی ہے۔دوسری جانب مقامی عدالت نے سرکاری ویکسین کی چوری میں ملوث تین ملزمان کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے۔ ملزمان میں امان سلطان ، محمد علی اور محکمہ صحت کا ویکسینیٹر محمد ذیشان شامل ہیں ۔ واضح رہے کہ سندھ میں کورونا وبا کا پھیلاو انتہائی خطرناک شکل اختیار کر گیا، جمعرات کے روز صوبے میں رواں سال کے دوران سب سے زیادہ یومیہ اموات رپورٹ ہوئیں، اموات کی مجموعی تعداد 5947 ہوگئی۔دوسری ملک بھر میں مہلک وائرس سے چوبیس گھنٹوں میں مزید 76 افراد جان کی بازی ہار گئے، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق ملک میں اموات کی تعداد 23 ہزار 209 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 10 لاکھ 20 ہزار 324 ہوگئی۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں 4497 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 54 ہزار 904، سندھ میں 3 لاکھ 74 ہزار 434، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 42 ہزار 799، بلوچستان میں 30 ہزار 19، گلگت بلتستان میں 7 ہزار 935، اسلام آباد میں 86 ہزار 602 جبکہ آزاد کشمیر میں 23 ہزار 671 کیسز رپورٹ ہوئے۔ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 58 لاکھ 78 ہزار 471 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 59 ہزار 707 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 9 لاکھ 37 ہزار 354 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 3 ہزار 84 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں